لاہور(وقائع نگار خصوصی)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت ایک بے چینی اور عدم اطمینان کی سی فضا ہے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف پارٹی پر اپناتسلط قائم رکھنے کے لیے ہر حربہ استعمال کررہے ہیں ۔ وزیراعظم سمیت پارٹی قیادت کولندن بلاکر اپنی وفاداری پرمجبور کرنا اور ان اداروں کے ساتھ مفاہمت کے بجائے مزاحمت کا رویہ اپنائے رکھنا سابق وزیراعظم کی نااہلی کا سب سے بڑا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک سے کرپشن، کمیشن ،رشوت اور سفارش کلچر کو ختم کرکے میرٹ کی بالا دستی کا نظام لانا چاہتی ہے ہم چاہتے ہیں کہ غریب کوبھی تعلیم، صحت اور حصول انصاف کے وہی مواقع میسر ہوں جو امیروں کو حاصل ہیں۔ دولت کی غیرمنصفانہ تقسیم نے عام آدمی کی خوشیوں کا گلا گھوٹ دیا ہے ایک طرف حکمرانوں نے لوٹ مار کرکے اندرون اور بیرون ملک عالیشان محلات بنالیے ہیں اور دوسری طرف غریب کی کٹیا میں غربت اور اندھیروں کے ڈیرے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب یہ ظلم و جبر کا نظام مزید نہیں چل سکتا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرگودھا اورفیصل آباد ڈویژن کے نومنتخب زونل امراء کی حلف برداری کی الگ الگ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے قبل ازیں نومنتخب امرا سے ان کی ذمے داریوں کے سلسلے میں حلف بھی لیا۔راشد نسیم نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں غلبہ دین کی مؤثر تحریک ہے اور ہماری تمام تر جدوجہد کا ایک ہی مقصد ہے کہ پاکستان کو جن عظیم مقاصد کے لیے حاصل کیا گیا تھا وہ پورے ہوسکیں۔ انسانی تاریخ کی ناقابل فراموش قربانیاں پیش کرنے، لاکھوں جانوں کا نذرانہ دینے اور اپنا سب کچھ پاک وطن پرقربان کرکے ہجرت کرنے والوں کو ان کی قربانیوں کا صلہ نہیں ملا۔70 برس سے ملکی اقتدار پر قابض کرپٹ حکمرانوں نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ عام آدمی زندگی گزارنے کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہے۔ حکمرانوں نے نہ صرف قومی دولت لوٹ کر برون ملک منتقل کی بلکہ 9ہزار ارب روپے کا بیرونی قرضہ لے کر ہڑپ کرکے قوم کو عالمی صیہونی مالیاتی اداروں کا مقروض اور غلام بنایا۔ تمام ملکی مسائل کا حل نفاذ شریعت میں ہے۔ راشد نسیم نے نومنتخب ضلعی زونل امراء کو ہدایت کی کہ ملک میں اسلامی انقلاب کیلیے پسے ہوئے محروم ومجبورلوگوں کے دل کی آواز بنیں اور ان کی پریشانیوں اور مسائل کے حل کی حتیٰ المقدور کوشش کی جائے۔