پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئیگا‘ مشتاق خان

392
پشاور،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان صوبائی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں 
پشاور،امیرجماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان صوبائی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس سے خطاب کررہے ہیں 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے چترال کی تحصیل دروش میں شمولیتی جلسے عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کی کمر توڑنے کے مترادف ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ منظور نہیں، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا مطلب اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہے، حکومت فوری طور پر نوٹیفکیشن واپس لے۔ حکمران اپنی چوری اور عیاشی کو چھوڑنے کے بجائے عوام پر بوجھ ڈالتے ہیں اور ضرورت کی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہیں۔ حکمران ایک طرف چوری اور کرپشن کرتے اور دوسری طرف قوم کی بیٹیوں کو فروخت کرتے ہیں۔ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سات سال سے امریکیوں کی قید میں ہے لیکن حکمرانوں نے انہیں امریکی قید سے چھڑانے کے لیے کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی قوم کی بیٹی کو امریکی قید سے چھڑائے گی۔ جماعت اسلامی اسلام اور عوام کی سیاست کرتی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں ہمارے سات ممبران ہیں، چار سال کی مشترکہ حکومت میں جماعت اسلامی نے سود کیخلاف قانون بنایا۔

اس قانون کے تحت نجی اور انڈر پلے سود کرنے والوں کو دس سال قید کی سزا اور دس لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔ نصاب سے ختم نبوت اور ناموس رسالت کے مضامین نکالے جارہے تھے، جماعت اسلامی نے نصاب میں 31 مقامات پر جماعت اول سے لے کر دسویں جماعت تک عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت کے مضامین، قرآنی آیات اور احادیث شامل کیں۔ نصاب میں سیرت رسول اللہؐ، خلفائے راشدین، مشاہیر اسلام اور پاکستان کو نصاب میں شامل کیا اور نصاب کو سیکولر بنانے کی سازش ناکام بنائی، جماعت اسلامی نے چار سال میں عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے صوبائی اسمبلی میں کئی قرار دادیں پیش کرکے منظور کرائیں۔ تمام سرکاری اسکولوں میں پہلی سے پانچویں جماعت تک قرآن شریف ناظرہ کے ساتھ اور چھٹی سے دسویں جماعت تک قرآن مجید ترجمہ کے ساتھ لازمی کرانا جماعت اسلامی کا کارنامہ ہے۔