سیکورٹی ادارے اپنا کردار جاری رکھیں گے ،کور کمانڈرز کانفرنس

116

راولپنڈی(صباح نیوز) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جمعرات کو جی ایچ کیو میں کورکمانڈر زکانفرنس ہوئی ،کانفرنس میں اہم دفاعی امور، افغانستان اور امریکی حکام کے ساتھ حالیہ رابطے کا جائزہ لیا گیا،کانفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیکورٹی ادارے قومی مفاد میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی سربراہی میں کور کمانڈرز
کانفرنس ہوئی،جس میں ملک کی اندرونی سیکورٹی کی صورتحال، دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز، جیو اسٹرٹیجک سیکورٹی،افغانستان و امریکی حکام کے ساتھ حالیہ رابطوں کا جائزہ لیا گیا،کانفر نس میں ملک میں جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز کی پیش رفت پر بھی غور کیا گیا اور آپریشنز کے دوران اب تک حاصل ہونے والی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ کور کمانڈرز کانفرنس میں شہدا کے خاندانوں کی فلاح و بہبود سمیت دیگر مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔کا نفرنس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیکورٹی ادارے قومی مفاد میں اپنا کردار جاری رکھیں گے۔کانفرنس سے خطاب میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ آپریشنل کامیابیوں کو سماجی ترقی میں حکومت کی مدد کے ذریعے مستحکم بنایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ حکومتی تعاون سے سماجی و اقتصادی شعبے سے وابستہ ترقی حاصل کی جا رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔