بائیو میٹرک کی تصدیق عمرہ زائرین پر اضافی مالی بوجھ ہے، سردار ظفر

203

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے رہنماؤں سردار ظفر حسین خان، غلام عباس خان، رانا وسیم احمد، شیخ مشتاق احمد اور میاں حفیظ الرحمن نے عمرہ زائرین کو بائیو میٹرک تصدیق کے لیے لاہور اور اسلام آباد جانے کے اعلان پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر اس مسئلے کے لیے سعودی حکومت سے رابطہ کریں۔ پوری دنیا میں سفر کرنے والوں پر متعلقہ ملک کے ائر پورٹس پر بائیو میٹرک تصدیق کی جاتی ہے مگر سعودی حکومت کی طرف سے بائیو میٹرک تصدیق پاکستان سے کروا کر لانے کی پابندی نے لاکھوں عمرہ زائرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بائیو میٹرک تصدیق کے لیے لاہور اور اسلام آباد کا سفر کرنا پڑتا ہے، جو وقت کے ضیاع کے ساتھ ساتھ عمرہ زائرین پر اضافی مالی بوجھ بھی ثابت ہورہا ہے، ایک ایک روپیہ جوڑ کر حجاز مقدس کا سفر کرنے والے شدید پریشانی کا شکار ہیں، جس کی وجہ سے ہزاروں زائرین کے ٹکٹس کی تاریخ نکل گئی ہے۔ انہوں نے سعودی حکومت سے بھی اپیل کی ہے کہ انسانی بنیادوں پر اس مسئلے کے حل کی طرف توجہ دیں تاکہ عمرہ زائرین با آسانی سفر مبارک کرسکیں۔