کرپٹ مافیا کے مؤثر احتساب کے لیے عوام کو متحرک کریں گے

200

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 68 کے امیر میاں زبیر لطیف نے کہا ہے کہ حکمران جماعتوں نے احتساب قانون اپنی مرضی کا بنا کر کرپشن، لوٹ مار اور اختیارات کے ناجائز استعمال کو تحفظ دینے کا راستہ اختیار کیاتو جماعت اسلامی ملک گیر تحریک منظم کرے گی۔ غریب عوام کے حقوق اور خون پسینے کی کمائی کی حفاظت اور کرپٹ مافیا کے مؤثر احتساب کے لیے عوام کو متحرک کریں گے۔ 2018ء کا انتخاب امانت، اہلیت اور کرپٹ مافیا کے درمیان ہوگا۔ عوام اپنے حقوق پر ڈاکا نہیں پڑنے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ آئین اور اسلامی قوانین کی حفاظت کے لیے علما اور نوجوانوں کو مسلسل بیدار رہنا ہوگا۔ وزارت خارجہ، قانون اور داخلہ میں عالمی وائرس سرایت کر گیاہے اس وجہ سے سیکولر ازم مسلط کرنے اور اسلامی قوانین کو غیر مؤثر بنانے کے لیے حکمران بے قرار رہتے ہیں۔ وزرا پٹواری ڈھٹائی سے آئین و قرآن و سنت سے متصادم اقدام اور مؤقف اختیار کرتے ہیں اور سینہ زوری سے علما کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سالانہ بجٹ قوم کے ساتھ مذاق بنادیا گیاہے۔ سال بھر منی بجٹ آتے ہیں، جس سے قومی معیشت دگرگوں ہوجاتی ہے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ قومی معیشت تباہ کرے گا۔غریب غربت کے ہاتھوں زندہ در گور ہوجائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تیل کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے۔