جمعیت طلبہ عربیہ کے زیر اہتمام پوزیشن ہولڈر کنونشن 9نومبر کو ہوگا‘عبید الرحمن

170

لاہور(وقائع نگار خصوصی)منتظم اعلیٰ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان عبید الرحمن عباسی نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے زیر اہتمام دینی مدارس کے پانچوں بورڈزمیں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کے اعزا ز میں پوزیشن ہولڈر کنونشن 9نومبر 2017ء بروز جمعرات بمقام پنجابی کمپلیکس قذافی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے مرکزی ذمے داران کی خصوصی نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت طلبہ عربیہ دینی مدارس میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے کیلیے پوزیشن ہولڈر کنونشن کا انعقاد کرتی ہے جس میں دینی مدارس کے پانچوں بورڈز کے پوزیشن ہولڈر ہونہار طلبہ شریک ہوتے ہیں ،ان طلبہ کو مختلف تحائف اوراعزازی شیلڈوں سے نوازا جاتا ہے ۔ جس سے طلبہ کے اندر خود اعتمادی اور کچھ کر گزرنے کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کنونشن میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ،صدر جمعیت اتحاد العلما پاکستان مولانا عبد المالک ،ناظم وفاق المدارس پنجاب اسد اللہ فاروق ، ناظم تعلیمات تنظیم المدارس پاکستان علامہ عباس رضوی ،سیکرٹری جنرل جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان محمد الطاف ، ڈپٹی سیکرٹری جنرل جمعیت طلبہ عربیہ حق نواز اصلاحی و محمد عامر اور منتظم جمعیت طلبہ عربیہ پنجاب محمد اشفاق سمیت مختلف مکاتب فکر کے علما بھی شریک ہوں گے۔