نصاب سے قرآنی آیات نکا ل کر نوجوانوں کو گمراہ کیا جارہا ہے، میاں مقصود

177

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ کرپشن ملک کا بڑا مسئلہ ہے، جس کے خاتمے کے بغیر نہ ملک ترقی کرسکتا ہے نہ ہی خوشحالی آئے گی۔ جماعت اسلامی کی کرپشن فری پاکستان تحریک کرپشن کے خاتمے، لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی تک جاری رہے گی۔ میاں نواز شریف عدالتوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے بجائے اُن کا سامنا کریں۔ بدعنوان حکمرانوں کی کرپشن نے پاکستان کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ہے۔ 4 ہزار ارب کی سالانہ کرپشن ہورہی ہے جس کو اسٹیٹ بینک سمیت حکومتی اداروں نے خود تسلیم کیا ہے۔ اسلام کی مقررہ سزاؤں اور قر آن وسنت کے عادلانہ نظام کے نفاذ سے ہی امن قائم ہوگا اور ملک وقوم ترقی کریں گے۔ قومی الیکشن کا التوا کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’دارالسلام‘‘ دفتر جماعت اسلامی میں صوبائی رہنماؤں ملک محمد رمضان روہاڑی، محمد انور گوندل، محمد فاروق چوہان، میاں آصف محمود اخوانی اور کنور محمد صدیق کے ہمراہ میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شریف فیملی نے ہُنڈی کے کاروبار کے ذریعے اربوں کا کا لا دھن جمع کیا ہے، اسی لیے کبھی منی ٹریل نہیں دے سکے۔ انہوں نے کہا کہ اگر نوازشریف لوٹی ہوئی دولت واپس کرکے اللہ اور قوم سے معافی مانگیں تو عدالتوں سے سرخرو ہوں گے، قوم سے بھی عزت پائیں گے۔ مارشل لا کبھی ملک وقوم کے لیے بہتر نہیں رہا، موجودہ سیاست دانوں کی اکثریت نے اُنہی کے گملوں کی نرسری سے جنم لیا ہے یہ ججوں اور جرنیلوں کا احتساب نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) کافی عرصے اقتدار میں رہنے کے باوجود قوم کو دکھوں کے سوا کچھ نہ دے سکے البتہ قرضوں کے بوجھ لاد دیا ہے۔ ملک کی خاطر آئین میں ترمیم کرنے والوں نے چور، ڈاکوؤں کے لیے کوئی قانون سازی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری سطح پر تعلیم کا جنازہ نکا ل دیا گیا ہے۔ ملک کو جاہل بنانے کی سازش جاری ہے۔ نصاب تعلیم میں تبدیلیاں بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہیں، جو غداری کے جرم سے بھی بڑا جرم ہے۔ نصاب تعلیم سے قرآن کی آیات نکالی جارہی ہیں۔ اسی طرح نوجوان نسل کو دین سے دور کیا جارہا ہے۔ رائے عامہ کی طاقت کے بغیر تبدیلی لانا شرعاََ جائز نہیں۔ جماعت اسلامی 2018ء کے الیکشن میں بڑی قوت بن کر اُبھرے گی۔