افغان پناہ گزینوں کی بڑی تعداد پنجاب میں جرائم میں ملوث ہے محکمہ داخلہ پنجاب کا قانون نافذ کرنے والوں اداروں کو خط لکھ دیا ۔
لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو لکھے گئے خط کے متن کے مطابق افغان باشندوں کے بھتا خوری اور اغواء برائے تاوان میں ملوث ہونے کے شواہد ملے ہیں ، خط کے مطابق افغان باشندے لاہور سمیت بڑے کاروباری شہروں میں ایسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔
خط کے متن کے مطابق یہ بات پنجاب میں سرچ اور ہنٹ آپریشن کے دوران سامنے آئی ہے، غیرقانونی مالی وسائل پنجاب میں ممکنہ دہشتگردی میں استعمال ہو سکتے ہیں ۔ خط کے مطابق گارڈن ٹاؤن میں 2 تاجر بھائیوں کو بھتا نہ دینے پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا تھا ۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کے پی کے اور بلوچستان سے پنجاب کے داخلی راستوں کی نگرانی سخت کی جائے۔