قرآن پاک دنیا میں عظیم انقلاب کا پیشہ خیمہ ہے،عبید الرحمن عباسی

408

لاہور(وقائع نگار خصوصی)جمعیت طلبہ عربیہ پاکستان کے منتظم اعلیٰ عبید الرحمن عباسی نے کہا ہے کہ قرآن پاک کا موضوع انسان ہے اور یہ پوری انسانیت کیلیے ہے۔قرآن پاک سے پوری دنیا کے انسانوں نے استفادہ کیا ہے اور یہ دنیا میں عظیم انقلاب کا پیش خیمہ ہے۔ قرآن حکیم کا یہ عظیم معجزہ ہے کہ اس میں دلوں کو مسخر کرنے کی تاثیر اور صلاحیت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت طلبہ عربیہ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں مرکزی ذمے داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن حکیم نے عرب قوم کو اللہ رب العزت کی جانب راغب کیا تو ان کی کایا پلٹ گئی۔دشمنی بھائی چارے میں تبدیل ہو گئی۔قرآن نے جب مومنین کو آپس میں بھائی بھائی قرار دیا تو دنیا نے اسی عرب قوم میں انقلاب برپا ہوتے دیکھا۔وہ جہالت کے اندھیروں سے نکل کر روشنی اور نور کی دنیا میں آ گئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان جب تک قرآن کی تعلیمات پر عمل پیرا رہے ان کے عروج اور ترقی کا سفر جاری رہا۔ افسوس مسلم قوم نے جب سے قرآن کو فکری و عملی ہر دو طرح سے اپنی زندگیوں سے دور کرنا شروع کر دیا ہے وہ فکری بانجھ پن کا شکار ہو گئی ہے۔ذلت و رسوائی ان کا مقدر بن گئی ہے۔