ن لیگ کو جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے کردار اداکرنا ہوگا

163

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پاناما لیکس اور دبئی لیکس کے بعد پیراڈائز لیکس میں بھی پاکستانیوں کے ناموں کا انکشاف ہورہا ہے جو کہ تشویشناک ہے۔ کرپٹ افراد پاکستان سے لوٹ مار کر کے اپنے غیر ملکی اکاؤنٹس بھر رہے ہیں۔احتسابی عمل کا سلسلہ نواز شریف کی نااہلی پر رکنا نہیں چاہے بلکہ بے نقاب ہونے والے تما م لوگوں کے خلاف جلد اقدامات کیے جا ئیں ۔ کرپٹ افراد کی طویل فہرست میں کسی بھی دینی جماعت کے رہنما کے نام نہیں ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں ایک اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو جمہوریت اور آئین کے تحفظ کے لیے اپنا مثبت کردار اداکرنا ہوگا۔بصورت دیگر جمہوریت کو شدید خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔ شریف فیملی کو عدالتوں کا احترام کرتے ہوئے مقدمات کاسامنا کر نا چاہے ۔افسوس ناک امر یہ ہے کہ ہر پیشی کے بعد حکمران خاندان کا لب و لہجہ سخت سے سخت ہوتا چلا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے ناسور کوختم کرناوقت کا ناگزیر تقاضا ہے۔کرپشن اور جمہوریت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتیں۔جب تک کرپشن پر قابو نہیں پایاجاتااس وقت تک ملک میں حقیقی جمہوریت بھی بحال نہیں ہوسکے گی۔انہوں نے کہاکہ الیکشن کے عمل کو اتنا مہنگاکردیا گیا ہے کہ کوئی غریب اور متوسط طبقے کا آدمی الیکشن لڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔جن لوگوں نے ناجائز طریقے سے مال ودولت کمائی ہے، ان کی اکثریت بار بار اسمبلیوں میں پہنچ جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ 12 ارب روپے کی کرپشن حکمرانوں کی کارکردگی پر سب سے بڑا سوالیہ نشان ہے۔ گڈگورننس کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے ہیں۔رہی سہی کسر قرضوں نے پوری کردی ہے۔بجٹ کا ایک بہت بڑا حصہ قرضوں پر لگنے والے سود کی ادائیگی میں خرچ ہوجاتا ہے جبکہ عوام کو اس حوالے سے کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ملک میں بلاتفریق سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں۔