معذوروں پر تشدد

284

پاکستان میں حقوق سے محروم افراد ایک اعتبار ے معذور ہی ہوتے ہیں لیکن جن لوگوں کو اسپیشل کوٹا دیا جاتا ہے اس کے تحت ان ہاتھ پاؤں سے معذور افراد کو سرکاری اداروں میں ملازمت کا کوٹا فراہم کیا جاتاہے لیکن اس پر عمل نہیں ہورہا۔ اس صورتحال پر کئی دن سے کراچی پریس کلب پر احتجاج جاری تھا لیکن پیر کے روز یہ معذور افراد جب سندھ اسمبلی کے سامنے جاکر اپنے مطالبات پیش کرنا چاہتے تھے تو ہر قسم کے جرائم پر قابو پانے سے معذور پولیس نے ان پر زبردست لاٹھی چارج کیا۔ پولیس تشدد سے 2 معذور افراد زخمی ہوگئے جب کہ ایک خاتون اس صورتحال کے سبب بے ہوش ہوگئیں۔ دنیا بھر میں پولیس لوگوں کو تحفظ دینے کے لیے ہوتی ہے لیکن پاکستان ایسا ملک ہے جہاں پولیس خوف و دہشت کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ فرمارہے تھے کہ پولیس کو ٹھیک کیا جائے گا لیکن وزیراعلیٰ نے معذور افراد پر حملہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی۔ آخر کیا وجہ ہے کہ پولیس یا قانون نافذ کرنے والے کسی بھی جلوس یا مظاہرے کو روکنے کے لیے تشددد کا راستہ ہی اختیار کرتے ہیں۔ خصوصاً یہ تشدد خواتین، معذوروں اور مظلوم افراد ہی پر کیا جاتا ہے۔ اگر حکومت معذوروں کو سرکاری ملازمت نہیں دے سکتی تو ان پر تشدد تو نہ کرے اور معذوروں کا جو کوٹا ہے وہ بھی اپنے وزیروں کے لیے مختص کردے۔