ڈی آئی خان کا واقعہ انسانیت کی تذلیل ہے، مجرموں کوگرفتارکیا جائے، مشتاق خان

168

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر مشتاق احمد خان نے ڈی آئی خان میں بااثر ملزمان کے ہاتھوں نو عمر بچی کو برہنہ کر کے گلی گلی گھما کر تذلیل کرنے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ در اصل انسانیت کی تذلیل ہے، ہم دین اسلام، انسانیت اور پشتون معاشرے کی اس تذلیل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس خود اس بات کا نوٹس لیں کہ ابھی تک مرکزی مجرموں کی گرفتاری عمل میں کیوں نہیں آئی اور بروقت ایف آئی آر درج نہ کرنے والے اور عملاً مجرموں کو تحفظ دینے والے پولیس اہلکاروں کو بھی مجرموں کیساتھ ساتھ قانون کے شکنجے میں لا کر سب کو عدالت سے قرار واقعی سز ا دلائی جائے۔ مجرموں کی تاحال عدم گرفتاری پولیس کی کار کردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ دنیا کا کوئی بھی مہذب معاشرہ عوام کی عزتوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتا۔ اس ذلت آمیز اور شرمناک جرم کے مرکزی مجرم کا تا حال گرفتار نہ ہونا پولیس کی نااہلی کی بدترین مثال ہے۔ پولیس کاعوام دشمن رویہ ہی ایسے واقعات کو جنم دیتا چلا آیا ہے۔ وزیر اعلیٰ او ر آئی جی خیبر پختونخوا اس واقعہ میں ملوث تمام مجرموں کی گرفتاری کو اپنی پہلی ترجیح پر رکھ کر ان کو جلد از جلد قانون کے شکنجے میں لائیں اور مجرموں کو نشان عبرت بنا دیں۔