نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پر ڈیڈلاک برقرار‘ پارلیمانی جماعتوں کا اجلاس آج پھر ہوگا

473

اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) نئی حلقہ بندیوں کے معاملے پرڈیڈلاک ختم نہ ہوسکا۔ پارلیمانی جماعتوں کا تیسرا اجلاس بھی بے نتیجہ رہا۔ آج بدھ کو پھر بیٹھک ہوگی۔اسپیکرقومی اسمبلی ایاز صادق نے پارلیمانی جماعتوں کے قائدین سے حتمی جواب مانگ لیا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مردم شماری کے عبوری نتائج پر تحفظات دور کیے بغیر آئینی ترمیم کی حمایت سے انکار کر دیا، اپوزیشن کی بعض جماعتوں نے یہ بھی قرار دیا ہے کہ پارلیمنٹ کو دونوں بڑی جماعتوں کی غفلت کا بوجھ اٹھانا پڑ رہا ہے جبکہ اسپیکر سردار ایاز صادق نے توقع ظاہر کی ہے کہ یہ معاملہ عدالت عظمیٰ میں نہیں جائے گا اور پارلیمنٹ میں اسے حل کر لیا جائے گا۔ پارلیمانی جماعتوں کے رہنماؤں کا اجلاس منگل کوا سپیکر سردار ایاز صادق کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ مردم شماری کے عبوری نتائج پر تحفظات ظاہر کرنے والی جماعتیں اپنے موقف پر ڈٹی رہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی نے مسئلہ مشترکہ مفادات کونسل میں حل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اجلاس کی کارروائی کے دوران اسپیکر اور حکومتی جماعت نے آئینی ترمیم پر سابقہ اتفاق رائے سے پیچھے ہٹنے پر متعلقہ جماعتوں سے گلے شکوے کیے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے یہ جماعتیں کوئی تسلی بخش جواب نہ دے سکیں۔ اجلاس ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہا، پارلیمانی جماعتوں میں اختلافات برقرار ہیں تاہم ان تمام جماعتوں نے دوٹوک الفاظ میں واضح کر دیا ہے کہ عام انتخابات بروقت ہونے چاہئیں۔