کراچی (رپو رٹ:منیر عقیل انصاری) کراچی کینٹ اسٹیشن پر ناقص اشیا ء خور ونوش کی فروخت اور جا بجا گندگی کے ڈھیر مسافروں اور ریلوے اسٹیشن پر کام کرنیوالے ملازمین اور مزدوروں کیلیے بیماریوں کا باعث بننے لگے جبکہ تجاوزات کی بھر مار بھی آنے جانیوالوں کیلیے پریشانی کا سبب بن رہی ہے ۔ ریلوے انتظامیہ نے خاموشی اختیار کر لی ہے۔کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن کے اسٹالوں پر ناقص اور مہنگی اشیاء اور مضر صحت مشروبات کی فروخت عروج پر پہنچ گئی۔محکمہ ریلوے ناجائزمنافع خوروں اور بیماریاں بانٹنے والوں کے خلاف کارروائی سے گریزاں نظر آتا ہے۔عرصہ دراز سے اسٹیشن پر کام کرنے والے مزدور ہیپاٹائٹس اور جگر کی دیگر بیماریوں میں مبتلا ہو چکے ہیں۔محکمے کے افسران کبھی کبھی چھاپے مار کر ایک دو ہزار جرمانے کر کے سب اچھا ہے کے دعوے کر رہے ہو تے ہیں۔وفا قی وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق کی ہدایت کے با وجود کراچی کینٹ ریلوے اسٹیشن پر اچھی اور معیاری اشیاء کی خرید وفروخت کویقینی نہیں بنایا جا سکا ہے۔متعدد مقامات پر مضر صحت اشیاء کی فروخت کا سلسلہ بد ستو ر جاری ہے جس سے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔اسٹالوں پر کھانے پینے کیلیے استعمال ہونے والے برتنوں کی صفائی کا انتظام بھی ناقص ہے جس وجہ سے مسافر ریلوے ا سٹیشن پر اشیاء کو کھانے سے پرہیز کرتے ہیں جبکہ قلی اور دیگر مزدوروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے دوسری طرف پینے کے صاف پانی کا نہ ہونابھی اسٹیشن پر کام کرنے والوں کے مشکلات کا باعث ہے اور لمبے عرصے سے کام کرنے والے مزدور ہیپاٹائٹس اور دیگر مضر صحت بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔دوسری طرف ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کیلیے بیٹھنے کا مناسب انتظام نہیں ہے لوڈشیڈنگ کے اوقات میں شیڈز کے نیچے بیٹھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ریلوے اسٹیشن پر تجاوزات کی بھر مار اور سیکورٹی کی صورتحال بھی تسلی بخش نہیں ہے۔ ریلو ے ذارئع کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر نان چنے،چائے،بوتل اور دیگراشیا ء انتہائی مضر صحت اور غیرمعیاری ہو تی ہیں اور اشیائے خورد ونوش کی قیمتیں بھی عام مارکیٹ سے زیادہ ہوتی ہیں۔جن کو کنٹرول کرنے میں محکمہ ریلوے ناکام نظر آتا ہے۔جبکہ ریلوے اسٹیشن کی حدود میں پارکنگ کی جگہ کم پڑنے کیوجہ تجاوزات کی بھر مار ہے جس وجہ سے گزرنے والے شہری اور مسافر سخت پریشانی میں مبتلا ہیں جگہ جگہ کھڑی گاڑیاں اور ٹیکسیوں کیوجہ سے آئے روز ٹریفک کا نظام درہم برہم اور لمبی لمبی قطاریں نظر آتی ہیں مسافروں کا کہنا ہے کہ کراچی کینٹ ریلوے ا سٹیشن مسائل کی آجگاہ بن چکا ہے۔اس حوالے سے ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ مختلف اوقات میں ر یلو ے اسٹیشن پر مو جو د اسٹالوں پر چھاپے مارے جاتے ہیں‘ اسٹالوں کو سیل اور مالکان کو جرمانے بھی کیے جاتے ہیں۔