مسلم نوجوانوں کو علوم و فنون میں اعلیٰ مہارت حاصل کرنی چاہیے

197

لاہور(وقائع نگار خصوصی )نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے سید مودودی انٹر نیشنل انسٹیٹیوٹ کے طلبہ و اساتذہ کے ادارہ معارف اسلامی منصورہ کے مطالعاتی دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم نوجوانوں کو علوم و فنون اور ٹیکنالوجی کے ہر شعبے میں اعلیٰ مہارت حاصل کرنی چاہیے ۔ اسلام تو ہے ہی علم و عمل کا نام پہلی وحی میں اللہ تعالیٰ نے اپنے پیارے نبی امی ؐ کو پڑھنے اور قلم و کتابت کی تعلیم عام کرنے کا حکم دیا تھا ۔ نبی پاکﷺنے اپنے صحابہؓ و صحابیاتؓ کو علم و ادب اور اس دور کے تمام فنون میں اعلیٰ مہارت کی تلقین فرمائی ۔ جس عرب معاشرے میں لوگ پڑھنا نہ جانتے تھے ، اسی معاشرے میں آپ ؐ کی رحلت کے وقت اکثر مرد و خواتین لکھنے پڑھنے کی مہارت حاصل کر چکے تھے ۔ حافظ محمد ادریس نے کہاکہ آج پاکستان میں کروڑوں لوگ ان پڑھ اور اسکول جانے کی عمر کے لاکھوں بچے حصول تعلیم سے محروم ہیں ۔ ہمارے ملک کے مقتدر طبقات کو عا م آدمی کی فلاح و بہبود اور غریب بچوں کی تعلیم سے ذرا بھر دلچسپی نہیں ۔ محروم طبقات کی فلاح اس میں ہے کہ اس ملک میں دیانتدار اور اہل قیادت آگے لائی جائے ورنہ ہر آنے والا دن عام آدمی کے لیے مشکل سے مشکل تر ہوگا ۔ طلبہ کے ساتھ انسٹیٹیوٹ کے اساتذہ محمد صالح ، محمد ندیم اور فیصل شاہ بھی مطالعاتی دورے میں شریک تھے۔