ناقص پالیسیوں سے عوام کی قوت خرید متا ثر ہو ئی ہے، میاں مقصود

188

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ عوامی قوت خرید بری طرح متا ثر ہونے سے خود کشیوں کے رجحان میں اضافہ قابل تشویش ہے۔ اگر حکمران اپنے اللوں تللوں پر خرچ کی جانے والی رقم اور کرپشن کو کنٹرول کرلیں تو ہمیں نہ صرف آئی ایم ایف اور ورلڈبینک سے چھٹکارا حاصل ہوسکتا ہے بلکہ مہنگائی کوبھی بڑی حد تک کنٹرول کیا جا سکتا ہے۔ملک میں در حقیقت بجٹ اور معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک بناتے ہیں ۔ سودی طرز معیشت نے سارا معاشی نظام تباہ و برباد کردیا ہے۔اسلامی طرز معاش کو اپناتے ہوئے ہمیں ڈوبتی معیشت کو سہارا دینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں نظام تعلیم، مزدوروں کی فلاح کے منصوبے، بچوں کی مفت تعلیم، سستا اور فوری عدل و انصاف فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمے داریوں میں شامل ہے۔ پاکستان نازک دور سے گزرہا ہے۔ ملک پر کرپٹ اور نااہل لوگ قابض ہیں جنہوں نے اقتدار کو موروثی بنارکھا ہے۔ ا سموگ کو بہانہ بنا کر بجلی، گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے عوام کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ 12,12 گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے پورا ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے۔ کاروبار زندگی عملاً مفلوج ہوچکا ہے۔ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے لوگ بلبلا اٹھے ہیں۔ بجلی، گیس کی لوڈشیڈنگ اور اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام کابھرکس نکال دیا ہے۔ مہنگائی اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی کما نا مشکل ہوگیا ہے۔ غیر ملکی قرضوں کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل میں بھی اضافہ ہورہاہے۔