پنگریو،موٹر جل جانے سے پانی کی فراہمی معطل، شہری پریشان 

544

پنگریو (نمائندہ جسارت) پنگریو شہر کو پینے کا پانی فراہم کر نے والی واٹر سپلائی اسکیم کی بڑی موٹر جل جانے کے باعث شہر میں پانی کی شدید قلت پیدا ہوگئی اور ہزاروں شہری گزشتہ تین روز سے پینے کے پانی سے محروم ہیں، واٹر سپلائی اسکیم سے پانی معطل ہونے کے باعث متاثرہ شہری بھاری نرخوں پر پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ واٹر سپلائی اسکیم کی موٹر آئے روز جلنے اور پانی کی فراہمی بند ہونے پر شہری سراپاا حتجاج بن گئے ہیں اور شہریوں نے اس مسئلے کا مستقل حل نہ نکالنے اور آئے روز پینے کے پانی کا بحران پید اہونے کے خلاف عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں پنگریو شہر کی تیس ہزار کی آبادی میں سے بڑے حصے کو پانی فراہم کرنے والی سٹی واٹر سپلائی اسکیم کی بڑی الیکٹرک موٹر جل گئی ہے جس کی وجہ سے شہر کے بڑی آبادی والے محلوں غازی محلہ، ملاح محلہ، میمن محلہ، کھٹی محلہ، مہاجر محلہ، سمن سرکار روڈ محلہ، صادق آباد محلہ اور دیگر میں گزشتہ تین روز سے پانی کی فراہمی معطل ہے، چھوٹی موٹر کے ذریعے سپلائی کیا جانے والا پانی پریشر نہ ہونے کے باعث دور دراز کے محلوں میں نہیں پہنچ رہا۔ پانی کی عدم فراہمی کے باعث مذکورہ محلوں کے ہزاروں باشندے پینے اور گھریلو استعمال کے پانی سے محروم ہوگئے ہیں جبکہ مساجد میں بھی پانی کی قلت پید اہو گئی ہے جس کی وجہ سے نمازیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ واٹر سپلائی اسکیم کا پانی بند ہونے کے باعث متاثرہ محلوں کے باشندے بھاری نرخوں پر پانی خریدنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ شہریوں نے واٹر سپلائی اسکیم کی موٹر تین روز گزر جانے کے باوجود نہ بنانے اور شہریوں کو پانی سے محروم رکھنے کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ اس ضمن میں متاثرہ شہریوں نے شہر کے سماجی رہنما محمد ارشد ایڈووکیٹ اور نذیر احمد کی قیادت میں صحافیوں کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پنگریو کی سٹی واٹر سپلائی اسکیم کی بجلی کی بڑی موٹریں آئے روز جلتی رہتی ہیں جس کی وجہ سے پنگریو کے ہزاروں شہری پانی سے محروم رہتے ہیں۔ ٹاؤن کمیٹی پنگریو کی جانب سے اس مسئلے کا کوئی مستقل حل نہیں نکالا جارہا۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات، سیکرٹری بلدیات اور کمشنر حیدر آبا دسے مطالبہ کیا کہ بڑی موٹر وں کو تبدیل کر کے نئی موٹریں نصب کی جائیں۔