زرداری اورنوازشریف کسان کے ووٹ سے نہیں ڈرتے،عمران خان

211

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا ہے پاکستان میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا کسی کو فائدہ نہیں ہو رہا ۔ بھارتی کسان کو بجلی 97 پیسے فی یونٹ ملتی ہے پاکستانی کسان کیسے انڈین کسان کا مقابلہ کر سکتا ہے ۔ آصف زرداری اور نوازشریف کسان کے ووٹ سے نہیں ڈرتے ، عمران خان اور عوام کسان کے ساتھ ہیں ۔

حافظ آباد کے میونسپل اسٹیڈیم میں کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا تھا حکمرانوں نے میٹرو بس پر تین ارب خرچ کر دیئے اگر یہی پیسے وہ کسانوں پر لگا دیتے تو آج پاکستان کی تقدیر بدل چکی ہوتی ۔ آصف زرداری اور نواز شریف کسان کے ووٹ سے نہیں ڈرتے، اگر حکمرانوں کو خوف ہوتاتو میٹروپر پیسےخرچ نہ کرتے،آپ پر خرچ کرتے۔

سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا بھارت میں کسان اپنے ووٹ سے حکومت بدل سکتا ہے، پاکستانی کسان کیسےبھارتی کسان کا مقابلہ کرسکتا ہے، کسان بھوکا مر رہا ہے،حکمران انہیں قرضے نہیں دے سکتے۔

عمران خان کا کہنا تھا ہم نے چار حلقےکھولنے کا کہا تھا تین کا رزلٹ آپ کے سامنے ہے چوتھے حلقے کا بھی وہی نتیجہ ہوگا جو 3 حلقوں کا ہوا، جن لوگوں کے خلاف فیصلہ آیا ہے ان سے کہتا ہوں کہ وہ سپریم کورٹ کے پیچھے نہ چھپیں ۔ الیکشن کمیشن میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جنہوں نے 2013 الیکشن میں دھاندلی کی۔ ووٹ کی اہمیت تب ہوگی جب ملک میں صاف و شفاف الیکشن ہوں گے۔ سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا میاں صاحب ! میرے پاس رکارڈنگ ہے ، ڈی پی او نے ن لیگ کیلیے ووٹ مانگے ، میاں صاحب ، تیاری کرلیں میں آرہاہوں ، ایک بڑا جلسہ کرنا ہے ۔ 4 اکتوبر کو سب کسانوں ، مزدوروں اور تاجروں کو اسلام آباد آنے کی دعوت دیتا ہوں۔