جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو امید اور تبدیلی کا پیغام دیا

207

دیر بالا (وقائع نگار خصوصی) سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی خیبرپختونخوا وپارلیمانی لیڈر جماعت اسلامی عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ قوم کی پسماندگی دور کرنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ اختیار شفاف لوگوں کے ہاتھ میں آئے۔ اللہ کے فضل سے ہم نے ساڑھے چار سال اقتدار میں رہ کر ثابت کیا ہے کہ نہ خود کرپشن کی ہے اور نہ کسی کو کرپشن کرنے کی جازت دی ہے۔ جماعت اسلامی نے قوم کے مسائل حل کر نے کے لیے قابل عمل پروگرام ترتیب دیے ہیں جو مواقع ہمیں ملے ہم نے ان کا صحیح استعمال کیا ہے اور آئندہ اس سے بھی بہتر کاکردگی دکھائیں گے۔ حقائق قوم کے سامنے ہیں ہم محض نعرے نہیں لگاتے، ہم کرکے دکھاتے ہیں اور کرکے دکھائیں گے۔ دیر بالا میں روزانہ بڑی تعداد میں لوگ بالخصوص نوجوان جماعت اسلامی میں شامل ہو رہے اور یہ بہترین مستقبل کا شگون ہے۔ وہ دیر بالا میں مختلف شمولیتی اجتماعات سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر درجنوں افراد نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہو کر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ سینئر وزیر عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے وزرا نے ثابت کر دیا ہے کہ ہمارے پاس عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور صوبہ کو ترقی کی ر اہ پر گامزن کرنے کا پروگرام اور لائحہ عمل موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے نوجوانوں کو امید اور تبدیلی کا پیغام دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ روزانہ بڑی تعداد میں نوجوان جماعت اسلامی میں شمولیت کر ر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کے لیے امید ہیں اور ان میں تبدیلی کا عزم موجود ہے۔