سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی ، کہتے ہیں الطاف حسین کی منفی سیاست خود ایم کیوایم کے لئے نقصان دہ ہے ۔
دبئی سے جاری ہونے والے بیان میں سابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا ہم نے ہمیشہ ایم کیوایم کے ساتھ مذاکرات دو شرائط رکھیں ۔ پہلی شرط تھی کہ سندھ کو تقسیم کرنے کی بات نہیں ہو گی ۔ دوسری شرط یہ کہ کراچی کو پرامن بنانے کے لئے تعاون کیا جائےگا ۔ سابق صدر کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم نے پیپلزپارٹی کے ساتھ وعدہ خلافی کی اور دھوکہ دیا ۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا وفاقی حکومت ہو یا سندھ حکومت ہم نے سب کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی ۔ روز روز کی بہتان تراشی اور غیر سنجیدہ جملے بازی الطاف حسین کو زیب نہیں دیتی ۔ الطاف حسین کی منفی سیاست خود ایم کیوایم کے لیے بھی نقصان دہ ہو گی۔