لاہور پولیس نے سنگین جرائم میں ملوث 24 خطرناک مجرموں کے سر کی قیمت مقرر کرنے کے لئے وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا ۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے مجرموں کی گرفتاری کے لئے پولیس افسروں کو ٹاسک دیں گے ۔
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر اشرف حیدر کی طرف سے بھیجے گئے مراسلے کے مطابق 24 خطرناک اشتہاری مجرم قتل ، اغواء برائے تاوان ، ڈکیتی ، راہزنی اور دیگر سنگین نوعیت کے مقدمات میں ملوث ہیں ۔ مراسلے میں جن اشتہاری مجرموں کے نام دیئے گئے ہیں ان میں محمد رفیق، محمد عمران، ارسلان، محمد نواز، منظور احمد، نواز، شوکت علی، محمد اشفاق، محمد عرفان، رانا شاہد، عقیل احمد، محمد نعیم، زاہد، عابد باکسر، علی خان، زاہد علی، شبیر، افضال، رفاقت، شہزاد، اقبال اور ناصر کے نام شامل ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کا کہنا تھا ان خطرناک اشتہاری مجرموں کے سر کی قیمت مقرر ہونے کے بعد فہرستیں تمام تھانوں میں بھیج دی جائیں گی اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس افسروں کو ٹاسک دیا جائے گا۔ حیدراشرف کا کہنا تھا کہ ان مجرموں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔