گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود آٹے کی قیمت میں اضافہ افسوس ناک ہے

272

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی حلقہ پی پی 70 کے امیر رانا طحٰہٰ، جنرل سیکرٹری میاں عتیق الرحمن، ڈاکٹر محمد انور، الطاف حسین، میاں منیب الرحمن، ڈاکٹر عبدالعلیم، فاروق بیگ اور دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں آٹے کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قیمتوں میں اضافے نے پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا پول کھول دیا ہے۔ بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں تیس روپے اضافہ مہنگائی کے مارے غریب عوام پر ڈرون حملہ ہے۔ پنجاب میں گندم کی ریکارڈ پیداوار کے باوجود صوبائی حکومت کی غفلت اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں اضافہ افسوس ناک ہے۔ حکومت پنجاب نے مہنگائی پر کنٹرول کرنے کے لیے پرائس کنٹرول کمیٹیاں بنائی تھیں لیکن ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں سے ملی بھگت کرکے مصنوعی طور پر قیمتیں بڑھانے کا مذموم دھندا جاری ہے جبکہ انتظامیہ صرف زبانی جمع خرچ سے کام لے رہی ہے۔ آج تک مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے خلاف سنجیدگی سے ایکشن نہیں لیا گیا۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب بڑھتی ہوئی مہنگائی پر فوری نوٹس لیں اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کریں۔