امریکا کا ناموس رسالت قوانین کی منسوخی کا مطالبہ قابل مذمت ہے، میاں مقصود

234

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے امریکا کی جانب سے تحفظ ناموس رسالتؐ قوانین کی منسوخی کے مطالبے پر اپنے شدید ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ناموس رسالت قوانین کے خلاف منفی پروپیگنڈا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔امریکی حکام اسلامی شرعی قوانین کو متنازع بناکر اپنے گھناؤنے عزائم کی تکمیل کرنا چاہتے ہیں۔پاکستان کے عوام اس کو ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیااور اس میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کانظام حیات ہی لاگو ہوکر رہے گا۔مغرب آزادی اظہارکی آڑ میں دنیا کے امن وامان کو تباہ وبرباد کرنا چاہتاہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ کفار مختلف حیلوں بہانوں سے مسلمانوں کے دینی جذبات کوٹھیس پہنچانے کاسلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔بحیثیت مسلمان ہمارے ایمان کاتقاضاہے کہ دین اسلام کے خلاف ہونے والی تمام سازشوں کو بے نقاب کرنے کے لیے اتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کیا جائے۔ اسلام دشمن قوتیں کبھی بھی اپنے ناپاک ایجنڈے میں کامیاب نہیں ہو سکیں گی۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان میں حقیقی معنوں میں انگریزوں کے نظام سے چھٹکارا حاصل کرتے ہوئے اسلامی شریعت کانفاذ کیاجائے اسی میں دنیا وآخرت کی فلاح پنہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت سیکولر معاشرے میں تبدیل کرنے کی سازش ہورہی ہے۔گزشتہ دنوں الیکشن ایکٹ میں ختم نبوتؐ کے بارے شقوں کوختم کروانا اس کی واضح مثال ہے۔ختم نبوتؐ قانون کی تمام شقوں کی بحالی اگر چہ خوش آئند ہے مگر اس حوالے سے سازش کرنے والوں کوبے نقاب کرکے کیفرکردار تک پہنچانا بھی ضروری ہے تاکہ آئندہ کسی کو اس قسم کی شرمناک کارستانی کی جرات نہ ہو۔اب وقت آگیاہے کہ تمام اہم اداروں میں بیٹھے ہوئے ملک دشمنوں کو بھی بے نقاب کرنا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک کے اسلامی تشخص کو کبھی پامال نہیں ہونے دے گی۔ہم نے ملک کے آئین کو اسلامی بنانے میں بھی اہم کردار اداکیاتھا اور آئندہ بھی اس کے دفاع کومقدم سمجھا اور رکھاجائے گا۔بیرونی دشمنوں اور لادینی قوتوں کے خلاف پوری قوم یک زبان اورمتحد ہے۔