اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے‘ وزارت داخلہ کو نیٹ کا خط

442

اسلام آباد (آن لائن+ مانیٹرنگ ڈیسک) نیب نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کی سفارش وزارت داخلہ کو ارسال کردی، احتساب عدالت نے اسحاق ڈار کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو بھجوائی گئی درخواست میں احتساب عدالت کے ناقابل ضمانت وارنٹ بھی موجود ہیں جس پر اگلے 72 گھنٹوں کے دوران فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے جس میں مسلسل عدم حاضری پر ان کے خلاف یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔عدالت نے اسحاق ڈارکی بھارتی ہندو ڈاکٹر کی تیار کی گئی میڈیکل رپورٹ پر بھی عدم اطمینان کا اظہارکیا تھا۔اس سے قبل نیب نے گزشتہ روز اسحاق ڈار کے خلاف حدیبیہ پیپر ملز کیس دوبارہ کھولنے کا اعلان بھی کیا تھا۔معلوم ہوا ہے کہ اسحاق ڈار کا ضمانتی احمد قدوسی بھی ٹمپرڈ مچلکے عدالت میں جمع کروا کر فرار ہو گیا ہے۔ ادھر باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ اسحاق ڈار نے اپنے اوپر چلنے والے احتساب عدالت کے مقدمات اور گزشتہ روز ای سی ایل میں نام آنے کے بعد برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ان کا اب واپسی کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور وہ اب مستقل طور پر برطانیہ میں رہائش رکھنا چاہتے ہیں اس حوالے سے انہوں نے اپنے قریبی رفقاء سے بھی مشورے مکمل کر لیے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی وزیر قانون زاہد حامد کی جانب سے بھی بیرون ملک جانے کی اطلاعات ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کی جانب سے وزیر قانون کے خلاف وفاقی دارالحکومت میں جاری احتجاج کے بعد ان پر دباؤ بڑھ گیا ہے جس کی وجہ سے انہوں نے بھی اپنے بیرون ملک جانے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔