پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کی بے حرمتی کے معاملے میں مبینہ غلط بیانی کرنے پر ایم این اے داور کنڈی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کردیا۔ڈیرہ اسماعیل خان میں لڑکی کی بے حرمتی کے معاملے پر پی ٹی آئی سربراہ نے وڈیو پیغام میں پارٹی رکن قومی اسمبلی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان کردیا۔انہوں نے مزیدکہا کہ صوبائی وزیرعلی امین گنڈا پور پر ملزمان کی سرپرستی کے الزام میں صداقت نظر نہیں آتی،پارٹی ایم این اے داور کنڈی نے لڑکی کے واقعے میں غلط بیانی سے کام لیا۔ دوسری جانب عمران خان کی وڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے رکن قومی اسمبلی داورخان کنڈی نے کہا ہے کہ میں تحریک انصاف کی آواز ہوں،عمران خان مجھے نہیں نکال سکتے ،پارٹی ڈسپلن کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی، خان صاحب کی ویڈیو دیکھ کر افسوس ہوا۔انہوں کہاکہ میں متاثرہ بچی کو انصاف دلانے کے لیے اس کے خاندان کے ساتھ کھڑا ہوں،عمران خان اس واقعے کو نہیں جھٹلاسکتے۔ان کا کہناتھاکہ متاثرہ لڑکی نے مجھے بتایا کہ ایس ایچ او نے گالیاں دیں،اس کے چچا کا کہناہے کہ علی امین ملزمان کی پشت پناہی کررہا ہے ،واقعے کے پہلے روز ہی متاثرہ خاندان پر ایف آئی آر کاٹی گئی۔