دھرنا ختم کرانے کیلیے آپریشن کی تیاری‘ بھاری نفری طلب

404
راولپنڈی: تحریک لبیک کے کارکنوں کی بڑی تعداد مری روڈ پر دھرنا دیے بیٹھی ہے 
راولپنڈی: تحریک لبیک کے کارکنوں کی بڑی تعداد مری روڈ پر دھرنا دیے بیٹھی ہے 

اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے آج صبح 10بجے تک دھرنا ختم کرانے کا حکم دے دیا۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ مذاکرات کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی جائے تاہم بات چیت ناکام ہونے پر آپریشن کرکے دھرنا ختم کیا جائے۔ عدالت عالیہ کا فیصلہ آنے کے بعد آئی جی اسلام آباد خالد خٹک نے فاضل جج شوکت عزیز صدیقی سے ان چیمبر ملاقات کی ۔ ذرائع کے مطابق دوران ملاقات جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے آئی جی اسلام آباد کے ہاتھ میں عدالتی آرڈر کی کاپی تھماتے ہوئے کہا کہ ہفتے کی صبح 10بجے تک اوکے کی رپورٹ چاہیے، جتنی نفری کی ضرورت ہولے جائیں ، دھرنا ختم کریں ۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد پولیس اور انتظامیہ کے افسران کی دوڑیں لگ گئیں ۔ دھرنے کے منتظمین نے دھرنا ختم کرنے سے ایک بار پھر صاف انکار کردیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دھرنے کے خاتمے کے لیے شرکا کو دی گئی ڈیڈ لائن ختم ہونے کے بعد پولیس کی نفری ڈبل کرتے ہوئے ایف سی اور رینجرز کو بھی طلب کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے کچھ داخلی راستے کنٹینرز سے بند کر دیے گئے ہیں جبکہ آئی ایٹ اور فیض آباد کے اطراف کے مکینوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ادھر امریکا، یورپ اور دیگر غیر ممالک سفارتخانوں نے بھی اپنے باشندوں کے لیے ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ایڈوائزری میں سفارتی عملے اور باشندوں کو غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کے تمام اسپتالوں میں اسٹاف کو غیر معمولی حالات کے باعث الرٹ کر دیا گیا ہے۔