حکومت ختم نبوت کے معاملے میں سازش کرنے والوں کو بے نقاب کرے

237

لاہور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے ختم نبوتؐ حلف نامے کی بحالی کے متعلق الیکشن ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری کو قابل تحسین اقدام قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے دیر آید درست آید کے مصداق اپنی اس سنگین غلطی کو مان لیا ہے اور ختم نبوت سے متعلق شقیں بھی اب بحال ہوگئی ہیں۔ یہ حکومت کا ایک اچھا اقدام ہے مگر جس نے بھی ان شقوں کو حلف نامے سے نکالا تھا اس کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ ختم نبوت کا معاملہ بڑا حساس اور اہم ہے۔ جب تک وفاقی حکومت ختم نبوت کے معاملے میں سازش کرنے والوں کو بے نقاب نہیں کرے گی اس وقت تک یہ معاملہ حل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں نئی حلقہ بندیوں کے متعلق آئینی ترمیمی بل بھی دوتہائی اکثریت سے منظور ہونا خوش آئند ہے۔ اس سے آئندہ بروقت الیکشن کی راہ میں حائل آخری رکاوٹ بھی دور ہوگئی ہے۔ اب ملک میں آئینی بحران ختم ہوگیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن کی جماعتوں نے دانشمندی کا ثبوت دیا ہے۔ اب آئندہ عام انتخابات بروقت ممکن ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن کومل بیٹھ کر انتخابی اصلاحات پر بھی عمل درآمد کروانا چاہیے کیونکہ اگر 2018ء کے الیکشن میں بھی انتخابی اصلاحات پر عمل درآمد نہ کروایاگیا تو پھرانتخابات کا عمل ایک مذاق بن کر رہ جائے گا۔ موجودہ انتخابی نظام میں بہت ساری خرابیاں ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انتخابی عمل کو شفاف اور غیر جانب دار بنانے کے لیے فوری اقدامات کرنا ضروری ہیں۔