حکومت نظریہ پاکستان کے اصولوں کو پامال کررہی ہے

131

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی رورل شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ ختم نبوت قوانین میں ترمیم کی سازش کرنے والے عناصر اور بالخصوص وفاقی وزیر قانون زید حامد کو وزارت سے معزول کرنے میں ہٹ دھرمی سے محسوس ہوتا ہے کہ شاید ساری حکومت اس معاملے میں شریک ہے اورمنظم انداز میں 20 کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کو مجروح کیا گیا۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے امیرضلع نے کہاکہ عالمی استعمارکو خوش کرنے کے لیے ن لیگ کی حکومت نظریہ پاکستان اور اسلام کے تمام اصولوں کو پامال کررہی ہے، یہ ملک اسلام کے نام پر ایک نظریے کے تحت وجود میں آیا اور یہاں اسلام کے علاوہ کسی سیکولر یا لبرل نظام کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ پاکستان کے محب وطن اور اسلام پسند عوام کرپٹ، بددیانت اور اسلام دشمنوں سے نجات کے لیے جماعت اسلامی اور نظریہ پاکستان کی حامی قوتوں کوووٹ دیں تاکہ نظریاتی ریاست میں حقیقی نظام مصطفیؐ کا قیام ہوسکے۔