بلوچستان سے مزید2 لاشیں برآمد، رواں ہفتے تیسرا واقعہ

525

کوئٹہ، تربت،لاہور(صباح نیوز) بلوچستان میں رواں ہفتے میں لاشیں ملنے کا تیسرا واقع سامنے آگیا ،ژوب روڈ پر واقعہ ہوٹل سے2افراد کی لاشیں برآمد۔نامعلوم افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کردیاگیاہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزبھی تربت سے 5لاشیں برآمد ہوئی تھیں۔ان افراد کا تعلق پنجاب کے علاقے گجرات سے تھا اور یہ افراد بلوچستان کے ذریعے روزگار کے حصول کے لیے بیرون ملک جانے کی کوشش کررہے تھے۔اس سے پہلے تربت ہی سے 15افراد کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں اور ان تمام افراد کا تعلق بھی پنجاب سے تھا۔تربت سے گزشہ روز ملنے والی 5 نعشوں کو بذریعہ جہازکراچی سے لاہور منتقل کر دیا گیا۔ نعشیں پی آئی اے کی پرواز پی کے 302 کے ذریعے کراچی سے لاہور منتقل کی گئیں۔ نعشیں لاہور ائرپورٹ پر ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے نعشیں ورثا کے حوالے کیں۔نعشوں کو بذریعہ سڑک لاہور سے گجرات منتقل کیا گیاجہاں مقتولین کی آبائی علاقوں میں تدفین کی گئی۔تربت میں دہشت گردی کا نشانابننے والے پانچوں دوستوں کا تعلق گجرات سے ہے۔اہل خانہ کے مطابق پانچوں دوست 20 روز پہلے گھر سے نکلے تھے اور 18 روز پہلے گھروالوں کو فون کر کے بتایا کہ وہ ایجنٹ کے ذریعے جرمنی جارہے ہیں ۔