حکومت کی جانب سے مدارس کا ڈیٹا ازسرنواکٹھاکرنا تشویشناک ہے

166

لاہور(وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے حکومت کی جانب سے مدارس کا ڈیٹا ازسرنومرتب کرنے کے فیصلے پر اپنے شدیدردعمل کا اظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ مختلف حیلوں بہانوں سے مدارس کے طلبہ اور اساتذہ کرام کو تنگ کرنا درست اقدام نہیں۔دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں ان کے خلاف سازشوں کا سلسلہ فی الفور بند ہونا چاہیے۔ملک بھر میں اس وقت ہزاروں دینی مدارس کام کررہے ہیں جن میں لاکھوں طلبہ زیر تعلیم ہیں۔انہوں نے کہاکہ چند ماہ قبل بھی حکومت نے نادرا ڈیٹا منظم کرنے کے لیے ملک بھر میں موجود مدارس کا سروے کیا تھا۔حکمران اپنی ناکامیاں اورکوتاہیاں چھپانے کے لیے ایسے ایشوز اٹھارہے ہیں جن کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ملک بھر کے مدارس ،ان کی انتظامیہ اور دینی تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بیرونی دباؤ پرٹارگٹ کیاجارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا تھا اس میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسولؐ کانظام حیات ہی نافذ العمل ہوکر رہے گا۔اسلامی جمہوریہ پاکستان میں انگریزوں کے قانون کی کوئی جگہ نہیں۔مخصوص لادینی طبقہ پاکستان کے اسلامی تشخص کے خلاف اوچھے ہتھکنڈوں کو استعمال کررہاہے۔انہوں نے کہاکہ حکمران اپنے غیر ملکی آقاؤں کو خوش کرنے کی خاطر آنکھیں بند کرکے جائزوناجائز تمام احکامات من وعن مان رہے ہیں۔جب تک امریکی غلامی کا طوق گلوں میں ہے،ہم خودمختارریاست کے طور پر اپنی شناخت قائم نہیں کرسکتے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ دینی مدارس نے ملک وقوم کی بے لوث خدمت کی ہے۔ان کا تعلق دہشت گردی سے جوڑنے والے عوام کوگمراہ کررہے ہیں۔آج تک کسی ایک مدرسے کے طالب علم پر دہشت گردی میں ملوث ہونے کا الزام ثابت نہیں ہوسکا۔دینی مدارس کے خلاف پروپیگنڈے کاسلسلہ بند ہونا چاہیے۔اسلام دین برحق ہے اور دنیا میں تیزی سے پھیل رہاہے ۔ دشمن قوتیں دین اسلام کے خلاف دن رات سازشوں میں مصروف ہیں مگران شاء اللہ یہ دین برحق غالب ہوکر رہے گا۔