اسمارٹ فون آیا یادداشت گئی

211

سائنس ڈیسک
امراضِ دماغ کے برطانوی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اسمارٹ فون اور دیگر آلات پر بڑھتا ہوا انحصار انسان کی یادداشت اور معلومات جمع اور مسائل حل کرنے کے لیے سوچ بچار کی صلاحیت شدید متاثر کررہا ہے۔ ان ماہرین کے نزدیک یہی وجہ ہے کہ اسمارٹ فون کا بے تحاشا استعمال اور اس پر انحصار ہمیں غبی اور کند ذہن بنارہا ہے۔
امراض دماغ کے ماہر، ڈاکٹر سوسن گرین فیلڈ کہتے ہیں کہ ٹیکنالوجی کا بڑھتا ہوا استعمال آج کی نسل کو شدید متاثر کررہا ہے۔خصوصاً ان میں معلومات جمع اور مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور محنت میں کمی واقع ہورہی ہے۔
مثال کے طور پر اب نام یاد رکھنا اور سالگرہ کی تاریخیں ازبر کرنا صرف ایک کلک کے حوالے کردیا گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ انسانی دماغ مسلسل مشق سے سیکھتا ہے۔ اس میں حقائق جمع کرنے کی مشق نہ کی جائے تو یادداشت کی دماغی صلاحیت بتدریج کمزور ہو جاتی ہے۔
سوسن گرین فیلڈ نے خبردار کیا ہے کہ نوجوان نسل اصل دنیا میں سیکھنے، کھیلنے اور معاشرے کا حصہ بننے کے بجائے اسکرین میں قید ہوتی جا رہی ہے۔ گویا ہم نے سوچنے سمجھنے کا کام مشینوں اور اسمارٹ فونز کے سپرد کردیا ہے۔ اس طرح تو دھیرے دھیرے زندگی کے پیچیدہ مسائل پر ہماری گرفت کمزور ہوتی جائے گی۔ نوجوان نسل تیزی سے اس جانب بڑھ رہی ہے۔