موسم سرما اور گاجر کے فوائد

245

گاجر دنیا کے تمام ممالک میں بہت ہی پسندیدہ سبزی تصور ہوتی ہے اور یہ بہت ہی مقوی غذا ہے۔ گاجر کے سبز پتوں میں بھی حیاتین ، معدنیات اور لحمیات وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو صحت کے لیے بہت ہی مفید ہوتے ہیں۔ گاجر کو دو طرح کی اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ایک ایشیائی گاجر ہوتی ہے جو لمبی ، گہرے رنگ والی اور میٹھی ہوتی ہے جبکہ دوسری یورپی گاجر ملائم جلد والی اور کم ریشے کے ساتھ بہتر جسامت کی حامل تصور کی جاتی ہے۔ گاجر وٹامن اے کا بہت ہی اچھا ذریعہ ہے۔ گاجر میں وافر مقدار میں سوڈیم ،سلفر،کلورین اور کچھ مقدار میں آیوڈین ہوتی ہے۔ گاجر کو استعمال کرتے ہوئے اس بات کا خیال رکھیں کہ گاجر کو چھیلنے سے اس کے معدنی اجزا کے ضائع ہو جانے کا اندیشہ ہوتا ہے اس لیے گاجر کو بغیر چھیلے ہی استعمال کرنا چاہیے۔
گاجر کے مندرجہ ذیل فوائد ہیں:
گاجر میں پائے جانے والے اجزا انسانی جسم میں خون کو صاف رکھتے ہیں۔
یہ بدن کی نشوونما کرنے کے ساتھ جسم میں تیزابیت پیدا کرتی ہے۔
گاجر کے رس کو کرشماتی مشروب کہا جاتا ہے جو بچوں اور بڑوں کے لیے یکساں مفید ہے۔
گاجر کا جوس آنکھوں کو توانا کرتا ہے۔
انسانی جلد کو تروتازہ رکھنے میں گاجر بہت ہی معاون ثابت ہوئی ہے۔
کھانے کے بعد گاجر کو چبا کر کھانے سے منہ میں پائے جانے والے جراثیم ہلاک ہو جاتے ہیں۔ مسوڑھوں سے خون بند ہو جاتا ہے اور دانتوں کا انحطاط رک جاتا ہے۔
گاجر ہاضمہ کی خرابیوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
معدے کے السر کو گاجر کا استعمال روکتا ہے اور ہاضمہ کی دیگر بیماریوں سے نجات دیتا ہے۔
چھوٹی اور بڑی آنت کی بہت سی بیماریوں میں مؤثر ہے۔
گاجر اور پالک کا رس ملا کر پینے سے قبض رفع ہو جاتی ہے اور آنتیں صاف ہو جاتی ہیں۔
دوران اسہال گاجر کا رس پانی اور نمکیات کی کمی کو پورا کرتا ہے۔
پیٹ کے کیڑوں کے لیے بھی گاجر کا جوس بے حد مفید ہے۔