سوئٹزر لینڈ نے براہمداغ کی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد کردی

162

برن(مانیٹرنگ دیسک) سوئٹزر لینڈ کی حکومت نے کالعدم بلوچ ریپبلکن پارٹی (بی آر پی) کے سربراہ براہمداغ بگٹی کی سیاسی پناہ کی درخواست مسترد کردی ہے، اس کی تصدیق انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں خود کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ 7 سال انتظار کرانے بعد سوئٹزر لینڈ نے سیاسی پناہ کی درخواست مسترد کردی ہے۔ کچھ عرصہ قبل سوئٹزر لینڈ اور برطانیہ میں پاکستان کے خلاف عوامی مقامات اور بسوں پر اشتہارات لگانے میں براہمداغ بگٹی کا کردار سامنے آچکا ہے، جس پر پاکستان نے سفارتی سطح پر ان ملکوں کے سفرا سے احتجاج بھی کیا تھا۔نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ سوئس حکومت کا مؤقف ہے کہ براہمداغ نے سیاسی پناہ کے لیے درکار شرائط پوری نہیں کیں اس لیے ان کی درخواست مسترد کردی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ براہمداغ بگٹی کئی برسوں سے خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے ہیں، وہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کے لیے کی گئی بارہا پیشکشوں کو مسترد کرچکے ہیں، براہمداغ بگٹی کی جماعت بلوچستان میں بد امنی اور دہشت گردی کی وارداتوں میں ملوث رہی ہے جبکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے وہ بھارت سے مالی تعاون کی درخواست بھی کرچکے ہیں۔انہوں نے 2016ء میں بھارت کا دورہ بھی کیا تھااور خدشہ ہے کہ براہمداغ بگٹی بھارت میں سیاسی پناہ لے سکتے ہیں۔