ملکی معیشت اورزراعت کے شعبے خطرناک حد تک تباہی کا شکارہیں

258

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ بے روزگاری ،مہنگائی اور کرپشن میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے جبکہ اس کے سدباب کیلیے حکومت کوئی پلاننگ یا عملدرآمد کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی ،ملکی معیشت اورزراعت کے شعبے خطرناک حد تک تباہی کا شکارہیں ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے بحریہ ٹاؤن فیز8میں ایک کاروبار ی مرکز کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پرجے آئی یوتھ کے ضلعی نائب صدر چودھری عارف سمیت دیگرکاروباری اورسیاسی عہدیداربھی شریک تھے۔شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ عرصہ دراز سے ملک میں وزیرخزانہ موجودنہیں اور اب اسحاق ڈارکے مستعفی ہونے کے بعد بھی حکومت کے پاس ایسا فرددستیاب نہیں جس پراعتماد کرکے وزیرخزانہ بنایاجاسکے ،ن لیگ کے عہدیداران ملکی مفاد ات کے بجائے ذاتی مفادات کوترجیح دے رہے ہیں جس کے باعث ملکی اداروں اوربیوروکریسی میں عدم تحفظ کی فضا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ریاست میں معیشت اورشفافیت ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے لیکن بدقسمتی سے پاکستانی حکمران کی مفاد پرستی پرمبنی پالیسیوں کی وجہ سے معیشت مضبوط ہونے کے بجائے کرپشن پھل پھول رہی ہے ۔انہو ں نے کہاکہ مضبوط معیشت کے باعث ہی عوام کوخوشحالی اورروزگارمل سکتا ہے، اس کیلیے فیصلہ سازی کے اداروں میں ایسے شفاف اوربے داغ لوگوں کو منتخب کرکے بھیجنا چاہیے جو ذاتی مفادات پر ملکی مفاد کو ترجیح دیں اوراپنی تجوریاں بھرنے کے بجائے عوامی مفاد کے فیصلے اورعملی اقدامات کریں ۔