خوشحال بلوچستان خوشحال پاکستان ہے‘ حکومتوں سے تعاون کریں گے‘ جنرل باجوہ

488
کوئٹہ:کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ آرمی چیف کو خوشحال بلوچستان پروگرام پر بریفنگ دے رہے ہیں
کوئٹہ:کمانڈرسدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ آرمی چیف کو خوشحال بلوچستان پروگرام پر بریفنگ دے رہے ہیں

راولپنڈی ( آن لائن/ آئی این پی) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے خوشحال بلوچستان منصوبے کا آغاز کر دیا ہے، آرمی چیف نے گزشتہ روز سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں پر آرمی چیف اور وزیراعلیٰ بلوچستان کو خوشحال بلوچستان پروگرام پر بریفنگ دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر باجوہ کی زیرصدارت سدرن کمانڈ ہیڈکوارٹرز میں اجلاس ہوا۔ جس میں آرمی چیف اور وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اللہ زہری کو خوشحال بلوچستان پروگرام اور سیکورٹی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے کہا کہ خوشحال بلوچستان پروگرام درحقیقت خوشحال پاکستان ہے۔ منصوبے سے سماجی، اقتصادی اور سلامتی کی صورتحال بہتر ہوگی۔ پاک فوج خوشحال بلوچستان پروگرام کیلیے ہر طرح کی مدد فراہم کرے گی۔ آرمی چیف نے کہا کہ پروگرام کیلیے پاک فوج وفاقی اور صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔ جنرل باجوہ نے پروگرام کی پرامن تکمیل کیلیے سیکورٹی امورکی بھی منظوری دی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ کوئٹہ میں آرمی فرنٹیئر کور قانون نافذ کرنیوالے اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال میں قابل ذکر بہتری پر خراج تحسین پیش کیا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے صوبے میں امن کی بحالی کیلیے خاص طور پر بلوچستان کے عوام کی حمایت اور قربانیوں کو سراہا۔ فوج اور سول حکومت کی طرف سے سیکورٹی اور ترقی کیلیے اختیار کی گئی مشترکہ حکمت عملی کو سراہتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج صوبائی حکومت کو صوبے میں امن کی بحالی کیلیے ہر طرح کی ضروری معاونت فراہم کریگی، اس سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار کے فروغ میں تعاون کیا جائیگا اور دور دراز علاقوں میں تمام منصوبوں کیلیے سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ اس سے قبل کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے کمانڈ سدرن کمانڈر پہنچنے پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے خوشحال بلوچستان پروگرام اور صوبے میں استحکام کیلیے سیکورٹی کے اقدامات کے حوالے سے سیکورٹی اداروں کے کردار کو سراہا۔ اس سے قبل سدرن کمانڈ ہیڈکواٹرز پہنچنے پر کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔