ایشزسیریز‘اسمتھ کی شاندار بیٹنگ‘آسٹریلیا پہلی اننگزمیں 328رنز پرآؤٹ

265

برسبین (جسارت نیوز) ایشز سیریز، آسٹریلوی کرکٹ ٹیم برسبین ٹیسٹ کے تیسرے روز اپنی پہلی اننگز میں 26 رنز کی برتری کے ساتھ 328 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، اسٹیون ا سمتھ نے 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ا سٹورٹ براڈ نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 32 رنز بنا لئے اور اسے 7 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ۔ مارک ا سٹونمین 19 اور جو روٹ 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دونوں وکٹیں جوش ہیزلووڈ نے حاصل کیں۔ گزشتہ روز برسبین میں ٹیسٹ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 165 رنز 4 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسٹیون اسمتھ 64 اور شان مارش 44 پر کھیل رہے تھے۔ شان مارش 51 رنز بناکر ا سٹورٹ براڈ کی گیند پر اینڈرسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ٹم پائن چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 13 رنز بنانے کے بعد جیمز اینڈرسن کی گیند پر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ مچل ا سٹارک بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بناکر براڈ کا نشانہ بن گئے۔ اسٹیون ا سمتھ اور پیٹ کمنز کے مابین 65 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ کمنز 42 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر ایلسٹر کک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ جوش ہیزلووڈ 6 اور نیتھن لائن 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان اسٹیون ا سمتھ نے ایک اینڈ سے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 141 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ اس طرح آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں 26 رنز کی برتری کے ساتھ 328 پر آؤٹ ہوگئی۔ اسٹورٹ براڈ نے3 جبکہ جیمز اینڈرسن اور معین علی نے 2,2 وکٹیں حاصل کیں۔ انگلینڈ نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 33 رنز بنا لئے۔ ایلسٹر کک7 اور جیمز ونس 2رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مارک ا سٹونمین 19 اور جو روٹ 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ دونوں وکٹیں جوش ہیزلووڈ نے حاصل کیں۔