حکومت جان بوجھ کرملک کے حالات خراب کررہی ہے

196

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی کے ضلعی امیرشمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہ 126 دن کے دھرنے پر حکومت خاموش تماشائی بنی رہی جبکہ ختم نبوت قوانین میں ترمیم کے مجرموں کوسامنے لاکر معزول کرنے کا مطالبہ کرنے والے شرکا پرتشدد کیا گیا، جوقابل مذمت اور شرمناک ہے۔ نوازشریف اوران کے حواری اسلام کے نام پر قائم اسلامی ریاست کولبرل اور سیکولر بنانے کی سازش کررہے ہیں لیکن پاکستان کے 20 کروڑ عاشقان مصطفیؐ ایسی کسی گھناؤنی سازش کوکامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ وفاقی وزیر قانون زاہد حامد سمیت جو لوگ بھی ختم نبوت قوانین پر وار کرنے میں ملوث ہیں انہیں فی الفورمعزول کرکے قانون کے مطابق سزادی جائے تاکہ آئندہ کسی فردکوبھی ناموس رسالت اور ختم نبوت قوانین کے ساتھ کھلواڑکرنے کے جرأت نہ ہو۔ حکومت کی جانب سے فیض آبا د میں مذہبی کارکنان پر تشدد اور گرفتاریوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے امیر ضلع نے کہا کہ گرفتار کارکنان کو فی الفور رہا کیا جائے، حکومت جان بوجھ کرملک کے حالات خراب کررہی ہے جبکہ چوری کا مال برآمد ہونے کے بعد چور کو کلین چٹ نہیں بلکہ قانون کے مطابق چوری کی سزا دی جاتی ہے اس لیے لیگی قیادت ایسے اقدامات سے گریز کرے جن سے پورا ملک خانہ جنگی کی لپیٹ میں آجائے۔