کائنات کی ابتدا اور خاتمہ… سائنس اور قرآن کی نظر میں

991

عاصمہ عزیز
اکیسویں صدی کے آتے ہی بہت سے تجربات اور مشاہدات کے بعد جدید طبیعات دان اور مفکر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ کائنات کی یقینا کوئی نہ کوئی ابتدا ء تھی اور یہ جامد اور غیر متغیر نہیں بلکہ کائنات مسلسل تحریک کے عمل سے گزر رہی ہے۔کائنات کی ابتدا ء کو قرآن کریم کی اس آیت سے واضح کیا جا سکتا ہے:’’ وہ ( اللہ) آسمانوں اور زمین کا موجد ہے ۔‘‘ (سورۃ الانعام:101)
موجودہ ماہرین فلکیات بھی اس بات سے اتفاق کرتے ہیں کہ پوری کائنات کافی عرصہ پہلے ہونے والے ایک عظیم دھماکہ کے نتیجے میں معرض ِ وجود میں آئی۔اس عظیم دھماکے یا کائنات کے وجود میں آنے والے واقع کو’’ بگ بینگ ‘‘ کہا جاتا ہے۔۔پورا سائنسی طبقہ اس بات سے اتفاق کرتا ہے کہ یہ دھماکہ پندرہ ارب سال پہلے واحد پوائنٹ یا نقطے سے نکلا تھا۔اس بگ بینگ سے پہلے مادہ، توانائی اور حتی کہ وقت جیسی کوئی چیز وجود نہیں رکھتی تھی۔ یہ حقیقت جو کہ حال ہی میں جدید طبیعات دانوں نے دریافت کی ہے چودہ سو سال پہلے قرآن میںاس کا اعلان کر دیا گیا تھا۔۔چودہ سو سال پہلے جب فلکیات کا علم نہ ہونے کے برابر یا اپنے ابتدائی دور میں تھا تب قرآن مجید میں کائنات کے توسیع ہونے کے عمل کو بیان کردیا گیا تھا۔’’ آسمان کو ہم نے اپنے ہاتھوں سے بنایاہے اور یقیناہم کشادگی کرنے والے ہیں۔‘‘( سورۃ الذٰریٰت:47)
اس آیت میں وسیع ہونے یا کشادگی کے بارے میں بات کی گئی ہے۔یعنی آسمان پہلے ہی بہت وسیع ہے لیکن ہم اس کو اس سے بھی زیادہ وسیع کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔اس آیت میں عربی کے لفظ موسع کو وُ سع سے قرار دیا جائے تو مطلب ہوگا کہ ہمارے اندر اس جیسے اور آسمان بنانے کی بھی طاقت و قدرت موجود ہے۔اور سائنس بھی موجودہ دور میں اس نتیجے پر پہنچ چکی ہے کہ کائنات مسلسل تحریک اور توسیع کے عمل سے گزر رہی ہے۔
امریکا کے ماہر فلکیات ہبل نے ٹیلی سکوپ کی مدد سے آسمان کا مشاہدہ کرتے ہوئے دریافت کیا ستارے اور گلیکسیز ایک دوسرے سے دور حرکت کر رہے ہیں۔طبیعات کے قانون کے مطابق مشاہدے کے مقام کی طرف بڑھنے والی روشنی بنفشی رنگ کی ہوتی ہے جبکہ مشاہدے کے مقام سے دور بڑھنے والی روشنی گہری سرخی مائل رنگت میں تبدیل ہو جاتی ہے ۔ ٹیلی سکوپ کی مدد سے آسمان کا مشاہدہ کرتے ہوئے ہبل نے دریافت کیا کہ اپنے فاصلے کے لحاظ سے ستارے جو روشنی خارج کرتے ہیں وہ سرخی مائل رنگت کی ہوتی ہے۔جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ ستارے اور گلیکسیز ہر وقت نہ صرف ہم سے بلکہ ایک دوسرے سے بھی دور بڑھ رہے ہیں۔۔ کائنات میں ہر شے کا ایک دوسرے سے دور حرکت کرنا دلالت کرتا ہے کہ کائنات توسیع کے عمل سے گزر رہی ہے۔یہ حقیقت قرآن مجید میں اس وقت بیان کر دی گئی تھی جب ٹیلی سکوپ یا اس جیسے دیگر ٹیکنالوجی کے آلات ایجاد ہونے کے قریب بھی نہیں تھے۔ یہ اس لیے کہ قرآن اس رب کا کلام ہے جو کائنات کا خالق و حکمران ہے۔
سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ایک وقت آئے گا جب کائنات کا ماس کافی سطح تک پہنچنے گا اور کشش ثقل کی بدولت اس کی توسیع رک جائیگی اور واپس سکڑنے کے بعد کائنات خود ختم ہوجائے گی۔اور آخر ایسے نقطے پر پہنچ جائے گی جہاں سے اس کی شروعات ہوئی تھی ۔ کائنات کے اس خاتمے کو ’’بگ کرنچ ‘‘ کا نام دیا گیا۔سٹینڈ فورڈ یونیورسٹی کے طبیعات کے پروفیسرز کا اس بارے میں کہنا ہے کہ آج جو ہم دیکھ سکتے ہیں یا نہیں بھی دیکھ سکتے سب کچھ پروٹون سے بھی چھوٹے سائز میں تباہ ہوجائے گا۔یہ بالکل اس طرح ہے کہ جیسے آپ ایک سیاہ سوراخ (black hole)کے اندر تھے۔ اس کا ذکر قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ یوں فرماتے ہیں:’’جس دن ہم آسمان کو یوں لپیٹ لیں گے جیسے طومار میں اوراق لپیٹ دئیے جاتے ہیں۔جیسے کہ ہم نے اول دفعہ پیدائش کی تھی اسی طرح دوبارہ کریں گے۔یہ ہمارے ذمے وعدہ ہے اور ہم اسے ضرور کر کے(ہی) رہیں گے۔‘‘ (سورۃ الانبیاء :104)
مندرجہ بالا آیت مبارکہ میں اوراق کی مانند لپیٹ دینے کی بات کی گئی ہے جو کہ غور طلب ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ کاغذ کو تہہ لگا کر لپیٹا جاتا ہے اور تہہ ایسی چیز کی لگائی جاتی ہے جو متوازی ہو ۔اسی طرح پہلے کے سائنسدان اس بات پر یقین رکھتے تھے کہ کائنات بیضوی یا گول شکل کی ہے لیکن بیسویں صدی کے سائنس دان آئن سٹائن نے یہ نظریے پیش کیا کہ ہمارے کائنات متوازی ہے اور ململ کے کپڑے کی مانند ہے جس پر کوئی بھی چیز رکھ دی جائے تو اس چیز کے وزن کی بدولت جتنا زیادہ دبائو ہوگا اس کے متاثرہ حصوں تک اس کی کشش ثقل کی قوت موجود ہوگی ۔جیسا کہ ہماری زمین کا اس کے وزن یا ماس کی وجہ سے خلا میں جتنا زیادہ دبائو ہے اس کے اثرات چاند تک موجود ہیں یہی وجہ ہے کہ چاند زمین کی کشش ثقل کی قوت کی وجہ سے اس کے گرد گھومنے پر مجبور ہے۔اسی طرح سورج کے زیادہ ماس کی وجہ سے اس کی کشش ثقل کے اثرات پلوٹو سیارے تک موجود ہیںجو بہت زیادہ فاصلہ ہونے کے باوجود سورج کی کشش ثقل کی وجہ سے اس کے گرد گھوم رہا ہے۔لیکن حال ہی میں ایک تحقیق ہوئی ہے جس کے مطابق پلوٹو سیارہ سورج کی کشش ثقل سے نکل کر کائنات میں اب آزادگھوم رہا ہے۔
آج کے دور میں ہم انسان سائنس کی تحقیقات پر تو بہت یقین رکھتے ہیں لیکن قرآن میں بیان کیے گئے معجزات پر غور و فکر نہیں کرتے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:’’اور ان لوگوں نے جیسی قدر اللہ تعالیٰ کی کرنی چاہیے تھی نہیں کی، ساری زمین قیامت کے دن اس کی مٹھی میںہوگی اور تمام آسمان اس کے داہنے ہاتھ میں لپیٹے ہوئے ہوں گے۔وہ پاک اور برتر ہے ہر اس چیز سے جسے لوگ اس کا شریک بنائیں۔‘‘ (سورۃ الزمر :39)