فرینڈز آف ہیومینٹی کے صدر احمد کریم جنگدہ عمرہ اور روضۂ رسول کی زیارت کے لیے گزشتہ دنوں امریکا سے سعودی عرب تشریف لائے تو مجلس محصورین پاکستان (پی آر سی) کے ارکان نے کنوینیئر انجینئرسید احسان الحق کی قیادت میں ان سے مقامی ہوٹل میں ملاقات کی جس میں احمد کریم نے تنظیم کی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ادارے کو یہ شرف حاصل ہے کہ بنگلا دیش میں محصور پاکستانیوں کے کیمپوں میں لڑکے لڑکیوں کی تعلیم کا خصوصی اہتمام کیا ہے اور اس مقصد کے لیے کیمپوں میں ہی اسکولز بنائے گئے ہیں، اس کے علاوہ مکینوں کے لیے ان کی ضروریات کے مطابق مکانات کی تعمیر، پینے کے صاف پانی کا بندوبست اور ذریعہ معاش کے لیے بلا منافع قرض دیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں رمضان اور عیدین کے موقع پر خصوصی راشن پیکیج اور کپڑے بھی دیے جاتے ہیں۔ عید الاضحی کے موقع پرایف او ایچ کی جانب سے قربانی کا انتظام بھی کیا جاتا ہے جس میں گائے اور بکرے ذبح کیے جاتے ہیں۔ سردیوں کے موسم سے بچاؤ کے لیے کمبل اور گرم کپڑے بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ بیماروں کے لیے حسب ضرورت طبی امداد دی جاتی ہے۔ الغرض خدمت خلق کے تمام کام جو تنظیم کی استطاعت میں ہوں وہ سب بلا تفریق کیے جاتے ہیں۔
مجلس محصورین پاکستان کے وفد کے کنوینیئر انجینئر سید احسان الحق نے کہا کہ ہم اپنی بساط کے مطابق اپنے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہیں اور کوشاں ہیں کہ محصورین پاکستان کی مشکلات جلد از جلد ختم ہوں اور وہ جلد ان کیمپوں سے اپنے وطن پاکستان جا سکیں۔ وفد میں شامل معروف سابق سعودی سفارتکار، کالم نویس، جنوب ایشیائی امور کے ماہرڈاکٹر علی الغامدی نے خصوصی طور پر شرکت کی اور احمد کریم سے محصورین پاکستان کے بارے میں تمام متعلقہ ضروری امور پر مفصل تبادلہ خیال کیا۔ وفد کے دیگر ارکان میں ڈپٹی کنوینیئر حامد اسلام، محمد امانت اللہ خان، فیصل معین، سید غضنفر حسن، ماجد اور سماجی رہنما شمس الدین الطاف ملک بھی شامل تھے۔