کوئٹہ میں فورسز پر خود کش حملے کا مقدمہ درج‘100گرفتار افراد رہا

684

کوئٹہ( نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں سیکورٹی فورسز پر خودکش بم حملے کا مقدمہ نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف درج کر لیا گیا۔ پولیس نے شک کی بناپر حراست میں لیے گئے 100زائد افراد کو تفتیش کے بعد رہا کردیا۔ جائے وقوع کو 30 گھنٹے بعد ٹریفک کیلیے بحال کردیاگیا۔ کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر ہفتے کی دوپہر کو سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے میں دو کمسن بہن بھائیوں اور ایک خاتون سمیت 6 افراد شہید اور 31افراد زخمی ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق دھماکے کا مقدمہ تھانہ سریاب میں ایف سی اہلکار لانس نائیک امیر اصغر کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل،اقدام قتل ،دھماکا خیز مواد ایکٹ اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات لگائی گئی ہیں۔ جبکہ شک کی بنیاد پر حراست میں لیے گئے100 سے زائد افراد کو تفتیش کے بعد رہا کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق لاہور سے ماہرین کی ٹیم نہ پہنچنے کے باعث سی آئی اے، کرائم برانچ اور پولیس کی تفتیشی ٹیموں نے خود جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔ خودکش حملہ آور کے اعضا کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کیلیے جبکہ دیگر شواہد فارنزک ٹیسٹ کیلیے پنجاب فارنزک سائنس لیبارٹری لاہور بجھوائے جائیں گے۔