کشمیر میں بھارتی مظالم اور پاکستانی قوم 

219

پاکستان کی صورتحال دھرنوں، ٹی وی چینلز کی بندش اور ہڑتالوں کے سبب پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور جبر کے ہتھکنڈوں سے آگاہ نہ ہوسکی۔ بھارت نے اس دوران میں مظالم میں اضافہ کردیا ہے جگہ جگہ محاصرے کرکے گھروں کی تلاشیاں لی جارہی ہیں۔ متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن پاکستانی قوم کو اس ظلم سے آگاہ نہ کیا جاسکا۔ پاکستان امت مسلمہ کا نمائندہ اور اس کے لوگ امت کے درد پر ساتھ دینے والے ہیں لیکن ایک سازش کے تحت پاکستان کو اندرونی بحرانوں میں الجھا کر امت کے لیے آاوز اٹھانے والا ملک نہیں رہنے دیا۔ کئی برس تک تو سب سے پہلے پاکستان کے دعویدار جنرل پرویز مشرف مسلط رہے جنہوں نے پاکستان کو امت سے کاٹ کر رکھ دیا۔ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ پاکستانی عوام یمن، شام، عراق، افغانستان، برما اور فلسطین میں مسلمانوں پر مظالم کے حوالے سے بے خبر ہیں حتیٰ کہ ان کو کشمیر کے حوالے سے بھی بے خبر رکھا جاتا ہے۔ ملک میں سیاسی ہلچل بھی ہے اس حوالے سے انتخابات کی باتیں ہورہی ہیں۔ اگر انتخابات کا بگل بجا تو کئی مہینوں کے لیے قوم مکمل طور پر ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں، پلوں اور پانی کے منصوبوں پر بحث کرتی نظر آئے گی۔ جب امت کی قیادت کرنے والے ملک میں یہ حالت ہوگی تو امت کی نگہبانی کون کرے گا۔ کشمیریوں کی حالت تو یہ ہے کہ وہ زندہ ہیں تو پاکستانی پرچم لہراتے ہیں۔ بارہ مولا اسٹیڈیم میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ہیرو مہندر سنگھ دھونی کی موجودگی میں بوم بوم آفریدی کے نعرے لگاتے ہیں اور جام شہادت نوش کرتے ہیں تو پاکستانی پرچم میں لپیٹ کر دفن کیے جاتے ہیں۔ ان کے لیے ہمارے کچھ فرائض ہیں اس طرف بھی غور کرنا ہوگا۔