بٹ کوائن ڈیجیٹل کرنسی

629

امانت علی گوہر
(گزشتہ سے پیوستہ)

کیا بٹ کوائن مائننگ اب بھی ممکن ہے؟

جی ہاں، لیکن اب یہ انتہائی مشکل ہوچکی ہے۔ دنیا بھر میں لاکھوں لوگ مائنرز کی مدد سے بٹ کوائنز کو مائن کررہے ہیں۔ آج سے چند سال پہلے تک بٹ کوائنز کو کھوجنے کے لیے زیادہ تگ و دو نہیں کرنی پڑتی تھی۔ ستوشی کے شائع کردہ سورس کوڈ کو کمپیوٹر پر چلا کر ایک ہی دن میں درجنوں بٹ کوائنز بنا لیے جاتے تھے۔ لیکن وقت گزرنے کے ساتھ difficulty میں اضافہ ہوتا گیا اور مائنرز کی تعداد بھی بڑھتی گئی۔ ابتدا میں بٹ کوائن مائننگ کا کام عام کمپیوٹرز پر کیا جاتا ہے، لیکن بعد میں گرافیکل پروسیسنگ یونٹس کو اس مقصد کے لیے زیادہ کارآمد پایا گیا۔ مائننگ کے لیے اب جدید مشینیں بھی دستیاب ہیں جن کا مقصد ہی بٹ کوائنز کی کھوج لگانا ہے۔ یہ مشینوں کروڑوں ہیش فی سیکنڈ تک بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ لیکن مشین چاہے کتنی ہی جدید کیوں نہ ہو، وہ بجلی سے ہی چلتی ہے جس کی قیمت بھی مسلسل بڑھ ہی رہی ہے۔ لہٰذا چھوٹے پیمانے پر اب بٹ کوائن مائننگ منافع بخش نہیں۔

کیا یہ قانونی ہے؟

فی الحال یہ غیر قانونی نہیں اور اس کے استعمال کرنے والے لاکھوں کی تعداد میں ہیں۔ اس کرنسی کے بارے میں پہلے یہ سمجھا جاتا تھا کہ اس میں کرنسی بھیجنے اور وصول کرنے والا کی شناخت کرنا ممکن نہیں۔ لہٰذا اس کرنسی کو غیر قانونی دھندوں کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ سلک روڈ نامی ویب سائٹ جو onion رائوٹنگ پر چلتی ہے اور منشیات سمیت ہر قسم کی غیر قانونے دھندوں کے لیے مشہور ہے، پر خرید و فروخت کے لیے بٹ کوائنز کا استعمال کیا جاتا ہے۔ جوئے اور غیر قانونی اشیا کی خریداری کے لیے بھی بٹ کوائنز استعمال کیے جاتے 02aہیں۔ تاہم ان سب کے باوجود بٹ کوائن پر کوئی پابندی نہیں لگائی گئی ہے۔
حال ہی میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق بٹ کوائنز پر اسے استعمال کرنے والوں کی شناخت مکمل طورپر خفیہ نہیں ہوتی اور انہیں تلاش کیا جاسکتا ہے۔ ممکن ہے کہ اس رپورٹ کے بعد بٹ کوائن کا غیر قانونی کاموں کے لیے استعمال کم ہوجائے۔
بٹ کوائن قبول کرنے والی ویب سائٹس کی تعداد خاصی کم ہے۔ لہٰذا بٹ کوائنز سے صحیح معنوں میں فائدہ اٹھانے کے لیے ضروری ہے کہ اسے ڈالرز یا یورو وغیرہ میں تبدیل کرلیا جائے۔ اس مقصد کے لیے منی چینجرز کی طرح بٹ کوائن ایکسچینج موجود ہیں۔

بٹ کوائن ایکسچینج

بٹ کوائن ایکسچینج صارف کو بٹ کوائنز کی خرید و فروخت کے ساتھ انہیں امریکی ڈالرز یا یورو وغیرہ میں منتقل کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ بڑے بٹ کوائن ایکسچینج میں سے ایک mtgox.com بھی ہے۔ جس پر امریکی حکومت کی جانب سے کچھ پابندیاں لگائی گئیں تھیں مگر یہ اب بھی آپریشنل ہے اور اطلاعات کے مطابق روزانہ 10 لاکھ ڈالرز کے لگ بھگ کی ٹرانزیکشنز اس پر انجام پاتی ہیں۔ MtGox کے علاوہ بھی کئی بٹ کوائن ایکسچینج اس وقت کام کررہے ہیں۔

بٹ کوائن ایکسچینج ریٹ

بٹ کوائن ایکسچینج ریٹ سے مراد ایک بٹ کوائن کی امریکی ڈالرز میں مالیت ہے۔ بٹ کوائن پر ایک تنقید اس کے ایکسچینج ریٹ کی وجہ سے بھی کی جاتی ہے جس میں بہت تیزی سے اتار چڑھاؤ ہوتا ہے۔ بٹ کوائن کے اسی برتاؤ کی وجہ سے اسے سرمایہ کاری کے لیے انتہائی خطرناک قرار دیا جاتا ہے۔