حکمرانوں نے سیاسی پارٹیوں کے نام پر پرائیویٹ کمپنیاں بنائی ہوئی ہیں، مشتاق خان

234
بونیر،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان سواڑی میں حلف برداری تقریب سے خطاب کررہے ہیں 
بونیر،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا مشتاق احمد خان سواڑی میں حلف برداری تقریب سے خطاب کررہے ہیں 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے بادشاہوں نے اقبال اور قائد کے پاکستان کو یرغمال بنایا ہے، حکمران طبقے نے سیاسی پارٹیوں کی صورت میں پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں بنائی ہوئی ہیں، یہ لیڈر نہیں ڈاکو ہیں جو ملکی دولت لوٹ کر یورپ، امریکا اور دوبئی لے جارہے ہیں۔ اسلام آباد میں دھرنے پر تشدد سے مسلم لیگ کی حکومت کو بدنامی کے سوا کچھ ہاتھ نہیں آیا، دھرنے والے ختم نبوت شق میں ترمیم کرنے والوں کو برطرف کرنے اور سزا دلوانے کے لیے بیٹھے تھے، لگتا ہے مسلم لیگ کی حکومت اپنے قائد کی طرح رسوائی کے بعد ہی بات مانتی ہے۔ حکومت اسلام کی چوکیدار ہوتی ہے، آج ملک میں اسلامی نظام نہیں اسی لیے چور حکمران قومی خزانے کے ساتھ ساتھ عقیدے پر ڈاکا ڈال رہے ہیں۔ حکومت کے پاس نوجوانوں کے لیے کوئی پروگرام نہیں، وہ بے روزگاری کا شکار ہوکر ملک دشمنوں کے ہاتھوں میں جارہے ہیں۔حکمران نوجوانوں کو تعلیم اور روزگار دینے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ملک پر کرپشن کے شہنشاہ مسلط ہیں، ان کے بچوں کے تعلیمی ادارے، علاج کے اسپتال اور بینک اکاؤنٹس پاکستان سے باہر ہیں۔ ان حکمرانوں نے پاکستان کو صرف لوٹ مار اور حکومت کرنے کے لیے مختص کیا ہے۔ وسائل سے مالا ملک قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے۔ ستر سال سے اس ملک پر مافیا کا قبضہ ہے، پاناما اور پیراڈائز لیکس نے ہمارے حکمرانوں کے بدنما چہرے ظاہر کردیے۔ ہم نے پاکستان کو آزاد کرانا ہے اور ان حکمرانوں کو اقتدار سے ہٹا کر جیل بھیجنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 77ناوگئی چملہ اور پی کے 78 المرکزالاسلامی سواڑی ضلع بونیر میں حلف برداری تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زون پی کے 77کے نومنتخب امیر بشیر احمد اور پی کے 78کے امیرناصر علی سمیت سرکل، مقامی اور نائب امرا اور جنرل سیکرٹریز نے اپنی ذمے داریوں کا حلف لیا۔ تقاریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع بونیر محمد حنیف، جنرل سیکرٹری حلیم باچا، جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا کے صدر عبدالغفار، سابق امیر ضلع غلام مصطفی خان اور سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی بخت جہان خان سمیت دیگر افراد نے خطاب کیا۔ مشتاق احمدخان نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کے اندر بدترین کرپشن کی اور ان کی کرپشن کی طرح ان کا کردار اور چہرے بھی بے نقاب ہوگئے۔ جماعت اسلامی کی کوششوں سے عدالت عظمیٰ نے سابق وزیراعظم کو کرپشن ثابت ہونے پر نااہل کردیا، اب کرپشن میں ملوث باقی افراد کو بھی عدالت کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے۔ کرپشن میں جو بھی ملوث ہو اس کا احتساب ہونا چاہیے۔