بلوچستان :دہشت گردوں کیخلاف  بھرپور کارروائی کا فیصلہ

266

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)کو ئٹہ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں سیکورٹی اداروں کو دہشت گردوں،شدت پسندوں،شرپسندوں اوران کے سہولت کاروں اورمحفوظ ٹھکانوں کے خلاف دفاعی حکمت عملی کے بجائے پیش قدمی کی حکمت عملی اختیا رکرتے ہوئے بھرپور کارروائی کی ہدایت کی گئی ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری کی زیر صدارت اجلاس
ہوا،جس میں مشیرقومی سلامتی لیفٹیننٹ جنرل (ر)ناصرخان جنجوعہ نے خصوصی طورپر شرکت کی۔ ناصرجنجوعہ نے کہاکہ بلوچستان نہ صرف ملک بلکہ پورے خطے کے لیے لائف لائن بننے جارہاہے خاص کر سی پیک کی صورت میں بلوچستان پاکستان کومعاشی اقتصادی طورپر مستحکم کرنے کے لیے اپنا کردار اداکرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہاکہ دشمن سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے سازشیں کررہے ہیں اوردہشت گردی کے ذریعے بد امنی پیداکرناچاہتے ہیں تاہم سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اورقوم بالخصوص بلوچستان کے محب وطن اورغیورعوام کی حمایت کے ذریعے ان سازشوں کو ناکام بنادیاجائے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیاسی اورعسکری قیادت اور ان دونوں کے اداروں کی مشترکہ کاؤشوں کی بدولت صوبے میں امن وامان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے جسے ہرصورت برقراررکھاجائے گا اوردہشت گردوں کو پھر سے یکجاہونے اورسراٹھانے کا موقع نہیں دیاجائے گا۔