فوج کی دانشمندی نے وطن عزیز کو بڑے بحران سے نکال دیا 

163

فیصل آباد (وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین کے مرکزی نائب صدر خالد محمود چودھری نے اسلام آباد دھرنے کو خوش اسلوبی سے ختم کروانے پر پاک فوج کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کی دانشمندی نے وطن عزیز کو ایک بڑے بحران سے نکال دیا ہے۔ فوج کا دھرنے کے خلاف آپریشن نہ کرنے کا اعلان خوش آئند تھا، جس کی بدولت معاملہ مکمل افہام و تفہیم سے حل ہوگیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے اسٹیشن پر ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مقامی رہنما ملک بشیر، باؤ طاہر، باسط شفیق، محمد آصف جاوید، محمد نعیم اختر، محمد رمضان، عمران کاہلوں، عدنان خٹک، محمد یونس بٹ، نادر شاہ، ظہیرالدین بابر، نورالدین اور دیگر زونل ذمے داران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی جبر و تشدد سے جانثاران ختم نبوت کی آواز دبائی نہیں جاسکتی۔ شہدائے ختم نبوت کے قاتل حکمران اپنے انجام کو ضرور پہنچیں گے۔ نواز شریف کے خلاف عدالتی فیصلہ نہ ماننے والوں کو ختم نبوت کے پروانوں پر ظلم کے لیے عدلیہ کا احترام یاد آگیا تھا۔ وزیر داخلہ نے عدالتی حکم کو جواز بنا کر ظلم کی انتہا کر رکھی ہے، جسے آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہر مشکل مرحلے پر قوم کی رہنمائی اور حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا ہے، جس پر ہر محب وطن پاکستانی کو فخر ہے۔ آرمی چیف نے وزیر اعظم کو ختم نبوت حلف نامے میں ترمیم کے ذمے داروں کو سزا دینے کا مشورہ دے کر قوم کے دل جیت لیے ہیں۔