اندرون سندھ، جشن میلاد النبیؐ بھر پور جوش و خروش سے منایا گیا

508
حیدر آباد: ن لیگ کے مرکزی رہنما صاحبزادہ شبیر حسن انصاری کی قیادت میں میلاد مصطفیؐ ریلی نکالی جارہی ہے
حیدر آباد: ن لیگ کے مرکزی رہنما صاحبزادہ شبیر حسن انصاری کی قیادت میں میلاد مصطفیؐ ریلی نکالی جارہی ہے

حیدر آباد، ڈگری، خیرپور، میرواہ گورچانی، میرپور خاص، ٹنڈوالہٰیار، پنگریو، شکار پور (نمائندگان جسارت) ملک بھر کی طرح سندھ بھر میں یوم ولادت نبی کریمؐ بھرپور جوش و خروش سے منایا گیا۔ تمام شہروں میں جلسے اور ریلیاں نکالی گئیں، گلی محلوں اور عمارتوں کو سبز پرچموں اور برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے میلاد مصطفیؐ کے جلوس نکالے گئے، دن کا آغاز نماز فجر کے بعد خصوصی دعاؤں سے کیا گیا۔ مختلف علاقوں سے جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں۔ میلاد النبیؐ کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے، کمشنر و ڈپٹی کمشنر حیدرآباد ،ڈی آئی جی ، ایس ایس پی اور دیگر حکام نے جلوس کی گزرگاہوں کا معائنہ کیا شہر میں پرامن طریقہ سے تقریبات منعقد ہوئیں تاہم موبائل فونز اور انٹر نیٹ بند ہو نے سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ ڈگری سب ڈویژن میں آقا دوجہاں حضرت محمدمصطفیؐ کی آمد کا جشن انتہائی مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ شہر بھر کو خوبصورت برقی قمقموں، سبزجھنڈوں سے سجایا گیا، مرکزی جلوس غوثیہ مہاجرمسجد سے مرکزی جماعت اہلسنت، میلاد کمیٹی، انتظامیہ غوثیہ مسجد، جمعیت علما پاکستان، اصلاح المسلمین، سنی میلاد مصطفیؐ کمیٹی سمیت دیگر تنظیموں کے زیراہتمام سے نکالے گئے۔ خیرپور میں جشن میلاد النبیؐ کا جلوس انتہائی سخت سیکورٹی میں برآمدہوا، شہر لبیک یارسول اللہؐ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ جماعت اہلسنت اور سنی تحریک کا مرکزی جلوس مرکزی رہنما پیر سید عبد القادر شاہ جیلانی، وحیدر شرقادری کی قیادت میں برآمد ہوا۔ جلوس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشقان رسولؐ نے شرکت کی۔ جلوس کی گزرگاہوں پر چائے، سبیلوں سمیت لنگر و نیاز کا بھی خصوصی انتظام کیا گیا تھا۔ میرواہ گورچانی میں بھی جشن میلاد النبیؐ نہایت مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی جلوس چمن مسجد بابو تھبہ سے نکلا جو کہ اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا مدینہ چوک پر پہنچا۔ ریلی کی قیادت مرکزی جماعت اہلسنت پاکستان ضلع میرپور خاص کے امیر مولانا مشتاق احمد نقشبندی کررہے تھے۔ میرپور خاص میں میلاد النبیؐ کا دن مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا، جشن میلاد کے حوالے سے شہر میں ریلیاں نکالی گئیں، نیاز و لنگر کا اہتمام کیا گیا، مرکزی جلوس مارکیٹ چوک سے نکالا گیا جس میں مختلف مذہبی جماعتوں کے علما کرام نے شرکت کی۔ جلوس کے راستوں پر سبیلیں اور طبی امداد کے کیمپ لگائے گئے تھے جب کے جلوس کے راستوں پر شہریوں نے نیاز و لنگر کا بھی بھی اہتمام کیا تھا اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے ۔ ٹنڈوالہٰیار میں بھی جشن میلاد النبیؐ جو ش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی جلوس اسٹیشن ایریا سے نکالا گیا، جو شہر کی مختلف شاہراہوں، حیدر آباد، میرپورخاص روڈ، چمبڑ روڈ، موج دریا روڈ، راما پیر مندر روڈ سمیت دیگر علاقوں سے ہوتا ہوا مرکزی عید گاہ پر اختتام پذیر ہوا ، جلوس کی گزر گاہوں پر شہریوں کی جانب سے جلوس کے شرکا میں ننگر و نیاز تقسیم کیا گیا ۔ جبکہ عید میلاد النبی کے موقع پر ٹنڈوالہ یار کی مین شاہرہ ، سڑکیں ، گلیاں ، کو برقی قمقموں اور سبز حلالی پرچم سے سجایا گیا جبکہ سرکاری عمارتوں اور شہریوں نے اپنے گھروں کو سجایا گیا جبکہ پولیس کی جانب سے جلوس اور محفل میلاالنبی پر 1600سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔ پنگریو اور گردونواح میں بھی جشن میلاد النبیؐ نہایت جوش اور عقیدت کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر درجنوں چھوٹی بڑی ریلیاں نکالی گئیں، جن میں ہزاروں عاشقان رسولؐ نے شرکت کی۔ جشن میلاد کے موقع پر شہروں، قصبوں اور دیہات کو سبز جھنڈیوں سے سجایا گیا تھا، جبکہ گھروں اور بازاروں میں چراغاں بھی کیا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ شکار پور میں بھی جشن میلاد النبیؐ نہایت عقیدت و احترام اور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ مذہبی جماعتوں کی جانب سے ریلیاں اور محافل کا انعقاد کیا گیا۔