سیاسی جماعتیں پراپرٹیاں اور لمیٹڈ کمپنیاں بن گئی ہیں، مشتاق خان

477
مانسہرہ، امیر جماعت اسلامی خیبرپختواخوا مشتاق احمد خان PK-56 چھتر پین میں سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرررہے ہیں 
مانسہرہ، امیر جماعت اسلامی خیبرپختواخوا مشتاق احمد خان PK-56 چھتر پین میں سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خطاب کرررہے ہیں 

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ رسول اللہؐ صادق اور امین تھے لیکن ان کی امت پر مسلط حکمران کرپٹ ترین ہیں۔ سیاسی جماعتیں پراپرٹیاں اور پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں بن چکی ہیں، سیاسی جماعتیں جمہوریت کا راگ الاپتی ہیں لیکن ان کے اندر خود جمہوریت نہیں، سیاسی جماعتوں کے سربراہ میرٹ پر نہیں رشتے داریوں کی بنیاد پر آتے ہیں، باپ کے بعد بیٹا یا بیٹی پارٹی سربراہ بنتی ہے۔ حکمرانوں نے قومی خزانہ لوٹ کر ساری دولت باہر منتقل کردی، ان کے بینک اکاؤنٹس، کاروبار، آف شور کمپنیاں، اسپتال اور بچوں کے تعلیمی باہر ہیں جبکہ یہ حکومت کرنے کے لیے پاکستان آجاتے ہیں۔ ان حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت برآمد کریں گے۔ اسلامی حکومت اللہ کے رسولؐ کی سنت ہے اور اس کا قیام فرض ہے۔ اسلامی حکومت کے بغیر نظام مصطفیؐ کا قیام ممکن نہیں۔ امت مسلمہ دشمن کے لیے دستر خوان بن گیا ہے، جس پر بھوکے بھیڑیوں کی طرح دشمن ٹوٹے پڑتے ہیں۔ عشق مصطفیؐ کا تقاضا نظام مصطفیؐ کا قیام ہے۔ پاکستان سیکولر ازم یا لبرل ازم کے لیے نہیں اسلامی نظام کے لیے بنا تھا، لیکن مخصوص مافیا نے ملک کو نظام مصطفیؐ سے محروم کیا۔ باقی نظاموں نے ہمیں بدامنی، لاقانونیت، مہنگائی اور بے روزگاری دی ہے۔ اسلامی نظام میں عدل و انصاف، ترقی، امن اور خوشحالی ہے۔ اسلامی نظام کے قیام کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان میں خلافت راشدہ اور نظام مصطفیؐ کی حکومت قائم کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی کے 56 چھتر پلین ضلع مانسہرہ میں سیرت النبیؐ کانفرنس اور شمولیتی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں جمعیت علما اسلام (ف) کے دیرینہ رہنما حکیم امین الحق حقانی سمیت دیگرافراد نے مختلف سیاسی جماعتوں سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کیا۔