امریکی وزیردفاع آج پاکستان پہنچیں گے‘ دہشت گردوں سے متعلق مطالبات برقرار

358

واشنگٹن(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس ایک روزہ دورے پرآج اسلام آباد پہنچیں گے۔وہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، وزیر خارجہ خواجہ آصف اور ہم منصب خرم دستگیر سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ جیمز میٹس نے پاکستان آمد سے قبل مصر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا چاہتے ہیں تاہم دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیوں کے مطالبے پر اب بھی قائم ہیں، پاکستان ایسے مزید اقدامات کرے کیوں کہ یہ خطے میں قیام امن اور اس کے اپنے مفاد میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جانتا ہے کہ دہشت گردی سے کیسے نمٹا جائے،ملاقاتوں میں جنوبی ایشیا سے متعلق نئی پالیسی پر تفصیلی بات ہوگی۔ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے لیے اہم ہے، چاہتے ہیں پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اہم کردار اداکرے ۔ امریکی وزیردفاع نے مزید کہا کہ پاکستان کے ساتھ حقیقت پسندانہ تعلقات کے لیے پرعزم ہیں۔دوسری جانب پاکستانی حکام کی جانب سے امریکی الزام کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پاکستان دہشت گردوں کی معاونت نہیں کرتا۔پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ توقع ہے کہ امریکا کی پالیسیوں سے بھی ایسے ہی ایکشن کا اظہار ہوگا۔