پنجاب حکومت گنے کے مقرر کردہ سرکاری نرخ پر عملدرآمد کرائے

248

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)کسان بورڈ کے ڈویژنل صدرعلی احمدگورایہ نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت گنے کے سرکاری طور پر مقرر کیے گئے نرخ 180 روپے فی من پر عملدرآمد کو یقینی بنائے کیونکہ شوگر ملز مالکان کسانوں کا استحصال کرتے ہوئے 150روپے اورمڈل مین 130روپے فی من گنا خرید کررہے ہے جس سے غریب کاشتکار کا معاشی استحصال ہور ہا ہے۔ایک طرف کرشنگ سیزن2ماہ تک لیٹ ہوچکاہے جبکہ دوسری طرف گنے کے غریب کاشتکاروں کو تاحال پچھلی ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ شوگر ملوں میں گنے کی خریداری میں ناجائز کٹوتی کی جاتی ہے اس کے لیے حکومت شوگر ملوں کے باہر سرکاری کنڈا نصب کرے یاحکومت کسانوں سے گنا خود خریدے بصورت دیگر کسان بورڈ ڈویژن بھرکے ڈی سی آفس اورضلعی انتظامیہ کے دفاترکے سامنے دھرنے دے گا۔انہوں نے کہاکہ حکومت زرعی مداخل جس میں بیج‘کھاد اور زرعی ادویات شامل ہے ، جی ایس ٹی کو ختم کرے، دنیا میں کسی بھی ملک میں زرعی مداخل پر جی ایس ٹی لاگو نہیں کیا جاتا حکومت اس جی ایس ٹی کو فوری طور پر ختم کرے تاکہ کاشتکاروں کو ارزا ں نرخوں پر کھا د‘بیج اور ادویات مل سکیں اور عوام کو بھی سستی ضروریات زندگی میسر آسکے۔ انہوں نے کہاکہ کسان کی خوشحالی ہی اس ملک کی خوشحالی ہے حکومت کسانوں کی خوشحالی کے لیے اقدامات کرے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ شوگر ملوں میں کاشتکاروں سے سرکاری نرخوں کے مطابق گنے کی خریداری کی جائے ۔ خلاف ورزی کرنے والی شوگر مل کے منیجر کو گرفتار کیا جائے۔