جماعت اسلامی راولپنڈی 10 دسمبر کے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کرے گی

241

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی ) امیرجماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے حوالے سے 10 دسمبر کو پشاور سے اسلام آباد تک براستہ جی ٹی روڈ لانگ مارچ کرے گی۔ جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ضلعی دفتر سید مودودی ؒ بلڈنگ میں عہدیداران کے ایک خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا 10 دسمبر کو نوشہرہ جبکہ 11 دسمبر کی رات کو راولپنڈی میں قیام کریں گے ۔ لانگ مارچ کے شرکا امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی قیادت میں12 دسمبر کو 10 بجے صبح فیض آباد سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کا خیبر پختونخوا کے ساتھ انضمام بڑا اہم معاملہ ہے ۔ وفاقی حکومت نے اس سلسلے میں سینیٹر سرتاج عزیز کی سربراہی میں ایک پارلیمانی کمیٹی بھی بنائی ہوئی ہے ۔ اس کی سفارشات پر بھی عملدر آمدکر نے میں روایتی لیت و لعل سے کام لیا جا رہا ہے ۔کس قدر افسوس کا مقام ہے کہ انگریز تو چلا گیا مگر فاٹا کے عوام کو ابھی تک جمہوری اور آئینی حقوق حاصل نہیں ہو سکے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ فاٹا کے عوام ایک طویل عرصے سے اپنے حقوق کیلیے آواز اُٹھاتے اور احتجاج کرتے چلے آ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ کے شرکا کی راولپنڈی آمد اور 12 دسمبرکو اسلام آبادروانگی کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دینے کے حوالے سے ضلعی عہدیداران کا اجلاس 7 دسمبر جبکہ زونل اُمرا اور ذیلی تنظیموں کا ایک مشترکہ اجلاس 8 دسمبر کو طلب کر لیا ہے ۔